تمام ججوں کی بحالی کسی فرد کا نہیں پوری قوم کا مسئلہ ہے: عمران خان

لاہور (خصوصی رپورٹر) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حکمران یاد رکھیں کہ جسٹس افتخار محمد چودھری سمیت معزول ججز کی بحالی کا مسئلہ کسی فرد یا جماعت کا نہیں پوری قوم کا ہے ‘ آصف زرداری امریکیوں کو میڈل دے کر قوم کی توہین کررہے ہیں ۔ وہ جوہر ٹائون میں جلسے سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر پنجاب کے جنرل سیکرٹری راجہ جاوید، صدر لاہور میاں محمود الرشید، ڈاکٹر شاہد، عابد یونس، حسان نیازی، عرفان احمد، اختر حسین و دیگر بھی موجود تھے۔ عمران خان نے کہاکہ حکومت مشرف کے دور سے بھی زیادہ قوم کے ساتھ ظلم کررہی ہے اور ملک کی حالت یہ ہے کہ غریب کے پاس دو وقت کی روٹی نہیں‘ پٹرول پمپوں پر پٹرول نہیں اور سی این جی سٹیشنوں پر گیس نہیں۔ حکمران یاد رکھیں کہ اگر وہ اسی طرح چلتے رہے تو جلد رخصت ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ 9مارچ کو وکلاء لانگ مارچ میں تحریک انصاف کے کارکنوں کا سمندر شریک ہوگا اور ثابت کردیں گے کہ پوری پاکستانی قوم ججز کی بحالی اور عدلیہ کی آزادی چاہتی ہے۔ میاں محمود الرشید نے کہا کہ تحریک انصاف کسی جماعت کا نام نہیں بلکہ نظریات کا نام ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ملک میں تبدیلی لائی جائے گی۔