کوٹلی: پیپلز پارٹی مسلم لیگ ن کے کارکنوں میں تصادم، فائرنگ، جیالا جاں بحق، 15 زخمی: زرداری، بلاول کی مذمت
آزاد کشمیر کے ضلع کوٹلی میں حکمران جماعت پیپلز پارٹی کے ورکرز کنونشن پر مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے پتھراﺅ نے مسلح تصادم کی شکل اختیار کر لی‘ دونوں جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں پیپلز پارٹی کا ایک کارکن جاں بحق جبکہ 15 زخمی ہو گئے ‘ پولیس نے بگڑتی صورتحال پر قابو پانے کیلئے ہوائی فائرنگ اورشیلنگ کے علاوہ لاٹھی چارج کیا جس کے بعد متحارب گروہ منتشر ہو گئے‘ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ورکرز کنونشن پر حملہ کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ کوٹلی اشتعال انگیز زبان کا نتیجہ ہے ،(ن)لیگ اتنا ظلم کرے جتنا برداشت کر سکے ۔پیپلز پارٹی کا نکیال کے حلقہ میں ورکرز کنونشن ہورہا تھا جس کیلئے کالج کے گراﺅنڈ میں کارکنوں کی بڑی تعداد شریک تھی جبکہ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے بھی کنونشن میں خصوصی طور پر شرکت کرنی تھی تاہم (ن) لیگ کے کارکنوں کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہو گئی اور گراﺅنڈ میں موجود پی پی کارکنوں پر شدید پتھراﺅ کردیا۔ لیگی کارکنان کے پتھراﺅسے متعدد افراد زخمی ہوگئے جس کے بعد دونوں طرف سے فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔ پولیس نے بگڑتی صورتحال پر قابو پانے کیلئے ہوائی فائرنگ، شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا جس سے متحارب گروہ منتشر ہوگئے۔زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پی پی کارکن چودھری منشی جاںبحق ہوگیا جبکہ 15 افراد زخمی ہیں۔ دوسری جانب پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کوٹلی میں پی پی پی کے جلسے پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ کوٹلی (ن)لیگ کی اشتعال انگیز زبان کا نتیجہ ہے،حملے سے مسلم لیگ (ن)نے اپنی آمرانہ سوچ ظاہر کی۔ اپنے مذمتی بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نواز لیگ کے غنڈوں نے پر امن کارکنوں پر حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ اتنا ظلم کرے جتنا برداشت کر سکے، ایسی سیاست کے اثرات سے (ن)لیگ خود بھی نہیں بچ سکے گی۔ سابق صدر آصف زرداری نے پیپلز پارٹی کے کنونشن میں تصادم کی شدید مذمت کی ہے۔ قاتلوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ انہوں نے آزاد کشمیر حکومت سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔