چند خاندانوں نے پاکستان کو یرغمال بنارکھاہے, ادویات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے: سراج الحق
` امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ 68 سال سے پاکستان پر کرپٹ فیوڈلز اور سرمایہ داروں کا قبضہ ہے، جنہوں نے ملک کو اسلامی تشخص اور معاشی ترقی سے محروم رکھا، عدالتوں میں آج بھی انگریز کا قانون نافذ ہے اور تعلیمی اداروں میں لارڈ میکالے کا نظام چل رہاہے، معاشرہ مغرب زدہ ہے چند خاندانوں نے پاکستان کو یرغمال بنارکھاہے، ملک میں پارلیمنٹ موجود ہے لیکن بڑے فیصلے اور ملکوں سے معاہدے پارلیمنٹ کو بائی پاس کر کے کیے جاتے ہیں،قطر سے این ایل جی کامعاہدہ گھاٹے کا سوداہے، معاہدہ کی تفصیلات سے عوام کو اندھیرے میں رکھا جارہاہے اس معاہدے سے عوام پر مزید بوجھ بڑھے گا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طالبات پاکستان کے سالانہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہاکہ اسلامی پاکستان سے ہی ملک میں خوشحالی آسکتی ہے اسلامی پاکستان ہمارا نظریہ ہے اور ہم اسی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں ایک طبقہ ایسا ہے جو ہمیں اپنی تہذیب و ثقافت سے دور کرنا چاہتاہے یہاں گندے کلچر کو فروغ دیا جارہاہے ۔ ویلنٹائن ڈے کے نام پر مغربی تہذیب کا ایجنڈا مسلط کیا جارہاہے۔سراج الحق نے کہاکہ مارچ میں ہم کرپشن کے خلاف مہم شروع کر رہے ہیں۔ پورے ملک کو کرپشن نے اپنی لپیٹ میں لے رکھاہے۔ حکمران ملک کو لوٹ کر قومی سرمایہ بیرون ملک لے گئے ہیں۔ اس وقت 375 ارب ڈالر ہمارا بیرونی بنکوں میں پڑا ہے جو سب لوٹ مار سے حاصل کیا گیاہے۔ یہ سرمایہ ملک میں لایا جائے تو ہمار ے قرضے بھی اتر سکتے ہیں اور ہم عوام کو سہولیات بھی فراہم کر سکتے ہیں۔ سراج الحق نے ادویات کی قیمتوں میں ناروااور بے تحاشا اضافے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاکہ فارماسیوٹیکل کمپنیوں نے ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کر کے غریب عوام کے لیے مسائل پیدا کر دیئے ہیں اور افسوسناک بات یہ ہے کہ ادویات کی مصنوعی قلت پیدا کر دی گئی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا اس ادویات کی قیمتوں میں اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔