پشاور :نیٹو ٹرمینل پر راکٹوں سے ایک اور حملہ‘30 کنٹینرز خاکستر۔ سوات: سکول اور ایم این اے کا گھر تباہ

پشاور :نیٹو ٹرمینل پر راکٹوں سے ایک اور حملہ‘30 کنٹینرز خاکستر۔ سوات: سکول اور ایم این اے کا گھر تباہ

پشاور + سوات + بنوں (مانیٹرنگ نیوز + ریڈیو نیوز + ایجنسیاں) پشاور میں نیٹو فورسز کو سامان سپلائی کرنے والے ٹرمینل پر راکٹوں سے حملہ میں مزید 30 کنٹینرز جل کر راکھ بن گئے۔ سوات میں اے این پی کے ایم این اے کے گھر اور مینگورہ کے قریب لڑکوں کے ہائی سکول کو دھماکہ خیز مواد سے تباہ کر دیا گیا۔ سوات میں مزاحمت کاروں نے سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر راکٹوں سے حملہ کیا جوابی کارروائی میں گولہ باری کے دوران مکانات پر گولہ گرنے سے ایک بچہ جاں بحق اور میاں بیوی سمیت 5 افراد شدید زخمی ہو گئے اورکزئی ایجنسی میں دو گروپوں میں تصادم کے دوران 3 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ 2 زخمی ہوئے۔ اورکزئی ایجنسی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 افراد قتل ہو گئے بنوں اور ملحقہ قبائلی علاقوں میں امریکی جاسوس طیاروں نے پروازیں کی ہیں جس سے لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا جاسوس طیارہ کافی دیر تک پرواز کرتا رہا۔ تفصیلات کے مطابق پشاور میں رنگ روڈ پر نیٹو فورسز کو سامان سپلائی کرنے والے ٹرمینل پر مزاحمت کاروں نے 10 سے زائد راکٹ فائر کئے جس کے بعد ٹرمینل پر آگ لگ گئی فائر بریگیڈ نے ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ حملے کے نتیجے میں 30 کنٹینر مکمل طور پر جل کر تباہ ہوگئے۔ مزاحمت کاروں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔ اس ہفتے ہونے والا یہ چوتھا حملہ ہے۔ آن لائن کے مطابق راکٹ روسی ساخت کے تھے۔ ادھر نامعلوم افراد نے اے این پی کے رکن قومی اسمبلی مظفرالملک کے گھراورحجرے کو دھماکہ خیزموادنصب کرکے تباہ کردیاہے ۔ علاوہ ازیں مینگورہ سے دوکلومیٹرکے فاصلے پرجی ٹی روڈپرواقعہ علاقہ قمبرمیں نامعلوم افراد نے گورنمنٹ ہائی سکول(بوائز)کوبھی دھماکے خیزموادسے تباہ کردیا۔ اے پی پی کے مطابق ضلع سوات کی تحصیل کبل کے علاقے ڈھیرئی میں ہائی سکول میں قائم سکیورٹی فورسزکی چیک پوسٹ پر مزاحمت کاروں نے گذشتہ رات راکٹوں سے حملہ کیاجس پر سیکورٹی فورسزنے طالبان کے خلاف جوابی کارروائی کی۔ گولہ باری کے دوران کوزہ بانڈی میں ایک گولہ شیرین زادہ نامی شخص کے مکان پرجاگراجس کے نتیجے میں اس کاگیارہ سالہ بیٹاعبداللہ جاں بحق جبکہ شیرین زادہ اوراسکی بیوہ مسماۃ شاہ بیگم شدیدزخمی ہوگئے۔ نیٹ نیوز کے مطابق رنگ روڈ پر واقع ٹرمینلز پر حملوں کے بعد وفاقی حکومت کو پشاور پولیس نے تجویز پیش کی ہے کہ نیٹو فورسز کیلئے سامان لے جانے والے کنٹینرز کا اڈہ پشاور سے کسی دوسرے جگہ منتقل کیا جائے جبکہ افغانستان میں تعینات امریکی پبلک افیئر افسرکرنل گریک جولیسن نے کہا کہ پشاور میں جلایا گیا سامان نیٹو کیلئے نہیں بلکہ افغان فوج کیلئے تھا۔