شاہدرہ میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر جیولر کو قتل کر دیا

لاہور (نامہ نگار) شاہدرہ کے علاقہ میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر 35سالہ شخص کو فائر نگ کر کے قتل کر دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ شاہدرہ کے علاقہ کامران پارک کا رہائشی دو بچوں کا باپ میاں یونس جیولری کا کام کرتا تھا۔ رات گئے نامعلوم افراد نے اس کوگھر میں گھس کر فائرنگ کر کے زخمی کردیا اور فرار ہو گئے۔ زخمی میاں یونس کو طبی امداد کے لیے ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔ کاہنہ کے علاقہ میں کھیتوں سے 25سالہ نامعلوم نوجوان کی مسخ شدہ نعش برآمدہو ئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ کاہنہ کے علاقہ ہلوکی میں اکرم نامی شخص کے کھیتوں میں جانور ایک نامعلوم نوجوان کی نعش کو نوچ رہے تھے کہ مقامی افراد نے دیکھ کر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش قبضے میں لے لی۔ پولیس کے مطابق مقتول کی نعش ناقابل شناخت ہے۔ نعش کے قریب سے ایک شناختی کارڈ ملا ہے جس پر نام لئیق احمد اور پتہ کرک پشاور کا لکھا ہے۔