آئینی ترمیم کی بات نہیں کہی‘ نوازشریف کا گرینڈ ڈائیلاگ مختلف ہے: چیئرمین سینٹ

خبریں ماخذ  |  ویب ڈیسک
 آئینی ترمیم کی بات نہیں کہی‘ نوازشریف کا گرینڈ ڈائیلاگ مختلف ہے: چیئرمین سینٹ

 چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے نوازشریف کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کسی آئینی ترمیم کی بات نہیں کی۔ لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا میں واضح کر دوں میاں نواز شریف جس گرینڈ ڈائیلاگ کی بات کر رہے ہیں وہ مختلف ہے اور جو بات میں نے پہلے کوئٹہ میں کی تھی اور پھر جس کی سینٹ سے منظوری لی، وہ مختلف ہے۔ انہوں نے مزید کہا میاں صاحب کے گرینڈ ڈائیلاگ کے کیا خدوخال ہیں وہ میاں صاحب جانتے ہوں گے جبکہ ہم نے جس ڈائیلاگ کی بات کی ہے وہ آئینی فریم ورک کے اندر رہتے ہوئے، اداروں کا اندرونی ڈائیلاگ ہے، اس میں کسی ترمیم کا ذکر نہیں بلکہ موجودہ آئین میں جو اختیارات دیئے گئے ہیں، ان کے اندر رہتے ہوئے ہر ادارے کے اپنا اپنا کام کرنے کی بات ہے۔ انہوں نے کہا عدلیہ قانون کے مطابق فیصلے کر رہی ہے۔ اداروں میں تصادم نقصان دہ ہو گا۔ انہوں نے کہا اداروں کے درمیان تصادم پیدا نہیں ہونا چاہئے تمام ادارے آئینی حدود میں رہتے ہوئے کام کریں۔ عدالتیں قانون کے مطابق فیصلے کر رہی ہیں‘ سیاسی جماعتوں کو فیصلہ کرنا ہے وہ 62, 63 میں ترامیم چاہتے ہیں یا نہیں۔