کراچی: وین کا گیس سلنڈر پھٹنے سے ایک ہی خاندان کے 6 افراد زندہ جل گئے، 4 زخمی

خبریں ماخذ  |  ویب ڈیسک
کراچی: وین کا گیس سلنڈر پھٹنے سے ایک ہی خاندان کے  6 افراد زندہ جل گئے، 4 زخمی

 کراچی کے علاقے گارڈن جیلانی مسجد کے قریب سلنڈر پھٹنے کے باعث مسافر وین میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق جبکہ 4زخمی ہوگئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی کے علاقے گارڈن جیلانی مسجد کے قریب لسبیلہ سے ہاکس بے جانے والی مسافر وین میں گیس سلنڈر لیک ہونے سے وین میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں موقع پر ایک ہی خاندان کے 6 افراد جھلس کرجاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 45 سالہ محمد سلیم، اہلیہ 40 سالہ نیلوفر، دو بیٹے 2 سالہ عبدالہادی اور14 سالہ شہریار، 45 سالہ بینش اوران کی بیٹی 14 سالہ مہوش شامل ہیں۔ریسکیو ذرائع کے مطابق البیلہ چوک کے رہائشی دو خاندان پکنک منانے کی غرض سے ہاکس بے جارہے تھے کہ گارڈن کے مقام پر وین میں موجود گیس سلنڈر اچانک لیک ہونے سے وین میں آگ لگی جس کے فورا بعد وین ڈرائیور اور آگے بیٹھے دو بچوں نے گاڑی سے اتر کر اپنی جان بچائی لیکن پیچھے بیٹھے 6 افراد باہر نہ نکل سکے اور بری طرح جھلس کر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جن کی لاشوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر وین میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی ۔حادثے میں بچ جانے والے ایک بچے کا کہنا تھا کہ وین میں پہلے آگ لگی جس کے بعد وہ نیچے اترا اور دروازہ کھول کر باقی افراد کو نکالنا چاہتا تھا کہ اچانک دھماکا ہوگیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ وین میں آگ لگتے ہی ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیدیا ہے اور واقعہ کے ذمہ داروں کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت کی ہے۔