پاکستانی قوم اپنا 70واں جشن آزادی کل ملی جوش و جذبہ کے ساتھ منائے گی

خبریں ماخذ  |  ویب ڈیسک
 پاکستانی قوم اپنا 70واں جشن آزادی کل ملی جوش و جذبہ کے ساتھ منائے گی

پاکستانی قوم اپنا 70واں جشن آزادی کل  نہایت جوش و خروش اور ملی جوش و جذبہ کے ساتھ منائے گی۔ جشن آزادی کے سلسلے میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مرکزی تقریب منعقد کی جائے گی جبکہ آزاد کشمیر ،شمالی علاقہ جات ،گلگت و بلتستان ،چاروں صوبوں،جنوبی پنجاب سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں تقریبات منعقد ہوں گی۔ دن کا آغاز مساجد میں تحریک آزادی کے شہداءکیلئے قرآن خوانی سے ہو گا ۔جبکہ ملک و قوم کی سلامتی ،ترقی و خوش حالی اور مادروطن کی حفاظت کیلئے سرحدوں پر تعینات پاک فوج کے جوانوں کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی ۔ سرکاری و نجی عمارتوں،گھروں پر قومی پرچم لہرائے جائیں گے جبکہ مارکیٹوں اور گلیوں بازاروں کو رنگ برنگی جھنڈیوں سے سجایا جائے گا۔رات کو عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجایا جائے گا۔پرچم کشائی کی تقریبات منعقد ہوں گی ۔جشن آزادی کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہو گی ملک بھر میں جشن آزادی کے سلسلے میں بچوں ،مردو خواتین میں بے پناہ جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ ملک بھر کے تمام شہروں میں گلی محلوں اور بازاروں کو رنگ برنگی جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے۔ تمام شہروں میں قومی پرچم ،جھنڈیوں،بیجز وغیرہ کی خرید عروج پر پہنچ چکی ہے جبکہ پولیس کی جانب سے سخت ترین حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔