سپریم کورٹ میں این آر او عملدرآمد کیس کی سماعت ملتوی کرنے کی درخواست دائر

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) اٹارنی جنرل مولوی انوار الحق نے سپریم کورٹ میں این آر او عملدرآمد کیس کی سماعت ملتوی کرنے کی درخواست دائر کر دی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق اٹارنی جنرل نے اپنی درخواست میں مو¿قف اختیار کیا ہے کہ این آر او عملدرآمد کیس کی سماعت نظرثانی درخواستوں کے حتمی فیصلے تک ملتوی کردی جائے۔ سپریم کورٹ کا پانچ رکنی لارجر بنچ جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں این آر او عملدرآمد کیس کی آج سماعت کریگا۔ گزشتہ سماعت پر عدالت نے سوئس مقدمات کھولنے کیلئے وزیراعظم کو ازسرنو سمری بھجوانے کیلئے وزارت قانون کو حکم دیا تھا۔ اگر وزارت قانون سمری نہیں بھجواتی تو سیکرٹری قانون ذاتی طور پر عدالت میں پیش ہوں، درخواست ہفتے کو دائر کی گئی۔ عدالت عظمیٰ کا 17رکنی لارجر بینچ اس نظرثانی اپیل کو سماعت کیلئے منظور کر چکا ہے اور اس بات کا امکان ہے کہ وہ حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے قانونی نکتے کو منظور کر لے گا اس صورت میںاین آر او عمل درآمد کیس غیر موثر ہو جائے گا۔ سپریم کورٹ کا پانچ رکنی لارجر بینچ آج پیر کو جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں اس مقدمہ کی سماعت کرے گا۔