حکومت مدت پوری کریگی، بحران پر جلد قابو پالیا جائیگا: زرداری

بیجنگ (مانیٹرنگ نیوز + ریڈیو نیوز + اے پی پی) صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت، امریکہ سول نیوکلیئر ڈیل کی مخالفت نہیں کی تھی اور پاکستان دوسروں سے بھی ایسے ہی ردعمل کی توقع رکھتا ہے۔ چینی ٹی وی چینل اور اخبار کو انٹرویو کی تفصیلات کے مطابق صدر زرداری نے کہا کہ حکومت اپنی مدت پوری کریگی اور سیاسی بحران پر قابو پالیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کو کئی مرتبہ پٹڑی سے اتارا گیا جس کے باعث ملک میں جمہوری نظام مستحکم نہیں ہوا تاہم موجودہ حکومت اپنی پانچ سالہ مدت پوری کریگی اور سیاسی بحران پر جلد قابو پالیا جائیگا۔ انہوں نے کہا ممبئی حملوں کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات التوا کا شکار ہوئے مگر اب بحالی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ علاوہ ازیں صدر زرداری چین کا پانچ روزہ دورہ مکمل کرکے وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ دورے کے دوران چین نے پاکستان کو 5 کروڑ یوآن دینے کا اعلان کیا۔ صدارتی ترجمان کے مطابق صدر زرداری نے دورے کے دوران چین کے صدر‘ وزیراعظم اور چینی تاجروں سے ملاقاتیں کیں‘ انہوں نے چیئرمین چائینز پیپلز کنسلٹیٹو کانفرنس‘ اقتصادی ترقی‘ متبادل توانائی کے فورم سے خطاب اور شنگھائی نمائش میں پاکستان اور چین کے سٹالز کا دورہ بھی کیا۔ صدر کے دورے کے دوران پاکستان اور چین نے مختلف شعبوں میں ایک معاہدے اور چار یادداشتوں پر دستخط کئے۔