این ایف سی کی طرح پانی کا مسئلہ بھی حل کریں گے‘ جمہوریت کیخلاف سازش ہوئی تو عوام اور کارکن حفاظت کریں گے : وزیراعظم گیلانی

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی + جی این آئی) وزیراعظم سیّد یوسف رضا گیلانی نے آبادی اور ترقی کے تعلق سے جڑے معاملات اُجاگر کرنے کیلئے 2011ءکو آبادی کا سال قرار دیتے ہوئے کہا ہے تیزی سے بڑھتی آبادی کے مسئلہ پر قابو نہ پایا تو ترقی اور اقتصادی ترقی کی اُمیدیں دم توڑ جائیں گی۔ یہاں کنونشن سنٹر میں آبادی کے عالمی دن کے موقع پر وزارت بہبود آبادی کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا دو برس قبل جب ہماری حکومت نے ملک کی خدمت کی ذمہ داری سنبھالی تو پاکستان سیاسی بے یقینی کے دہانے پر تھا، ہماری عظیم رہنما محترمہ بے نظیر بھٹو کی المناک وفات کے باعث پوری قوم اپنے حواس گنوا بیٹھی تھی، معاشی بدحالی، وسائل کی قلت، داخلی بدامنی اور دہشت گردی قومی منظرنامہ پر پھیلی ہوئی تھی مگر اﷲ تعالیٰ کی مہربانی اور اپنے عوام کی مدد سے ہم نے ان چیلنجوں پر مو¿ثر انداز میں قابو پایا اور آج میں فخر سے اعلان کرتا ہوں کہ پاکستان خوشحالی، خود انحصاری اور اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا ہماری حکومت کی پالیسیوں نے ایک طرف دہشت گردی جو ہمارے ملک کی سلامتی و استحکام کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے، سے نمٹنے اور دوسری طرف غربت میں اضافہ اور اقتصادی انحطاط کے مسئلہ پر قابو پانے میں مدد دی۔ انہوں نے یقین دلایا عوامی حکومت ہمیشہ اس حقیقت سے آگاہ رہی ہے کہ آبادی میں تیز تر اضافہ کا غربت سے براہ راست تعلق ہے۔ پیپلز پارٹی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جس کے منشور میں آبادی کی منصوبہ بندی شامل ہے۔ انہوں نے کہا موجودہ دہائی وزارت بہبود آبادی کو دیئے جانے والے مالی وسائل کے حوالہ سے انتہائی چیلنجنگ ہے مگر مجھے خوشی ہے مشکلات کے باوجود وزارت بہبود آبادی انتہائی لگن سے کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا میری حکومت نے مالی مشکلات کے باوجود گذشتہ سال جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کانفرنس میں تولیدی صحت کی انسانی حقوق کے مسئلہ کے طور پر توثیق کی۔ انہوں نے کہا پاپولیشن ویلفیئر پروگرام پہلے ہی 2002ءمیں صوبوں کو منتقل کر دیئے گئے ہیں جو 18 ویں آئینی ترمیم کے بعد صوبائی حکومتیں اپنے بجٹ سے چلائیں گی تاہم وفاق آبادی کے مسئلہ کے حل کی اپنی ذمہ داریوں سے غافل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا آبادی کے مسئلہ کو مرکزی اہمیت نہ دی تو ترقی اور اقتصادی خوشحالی کی تمام امیدیں دم توڑ جائیں گی۔ انہوں نے کہا محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے 2دہائیاں قبل آبادی کو پاکستان کیلئے بڑا چیلنج قرار دیا تھا اور آبادی اور ترقی کے درمیان براہ راست تعلق کو تسلیم کیا تھا۔جی این آئی کے مطابق بعدازاں وزیراعظم گیلانی دو روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے۔ کراچی آمد پر وزیراعظم گیلانی نے گورنر سندھ عشرت العباد خان اور وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ سے لماقات کی۔ قبل ازیں اسلام آباد میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو نہ پایا گیا تو مستقبل میں یہ گیس، بجلی اور پانی سے بڑا مسئلہ بن سکتا ہے۔ آبادی کے حوالے سے دیگر مسلمان ممالک کی مثال سے فائدہ اٹھانا چاہئے، اسے کنٹرول کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا اس سال مردم شماری کرائی جائے گی اور وسائل کی تقسیم آبادی کی بنیاد پر ہو گی اور وزارت بہبود آبادی کو ہدایت کی ہے کہ وہ آبادی پر کنٹرول کے لئے دوسرے ممالک کے تجربات سے فائدہ اٹھائے۔ کراچی (نامہ نگار + نیوز ایجنسیاں) سید یوسف رضا گیلانی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ این ایف سی کی طرح پانی کا معاملہ بھی افہام وتفہیم سے حل کر لیا جائے گا۔ وزیراعلی ہاﺅس کراچی میں پیپلز پارٹی لاڑکانہ ڈویژن کے رہنماﺅں و عہدیداروں اور ارکان قومی وصوبائی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک کا مستقبل جمہوریت میں ہے۔ اسی کی خاطر محترمہ بے نظیر شہید اور دیگر کارکنوں نے قربانیاں دیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شہیدوں کا خون رنگ لائے گا اور ملک میں جمہوریت قائم رہے گی اور اگر جمہوریت کے خلاف کوئی سازش ہوئی تو ملک کے عوام اور پیپلز پارٹی کے کارکن اس کی حفاظت کریں گے۔ گورنر ہاﺅس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ عام افراد کی فلاح و بہبود اور ان کے زندگی کو بلند کرنے کے لئے مثبت تبدیلیاں لائی جائیں گی۔ وزیراعظم گیلانی نے سندھ حکومت کو فنڈز جاری کرنے اور چمشہ جہلم لنک کینال پر سندھ کے تحفظات جلد دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم نے سندھ حکومت کو تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کی روک تھام کے لئے ایڈوانس پلاننگ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ آئی این پی کے مطابق لاڑکانہ کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا ہے کہ معذرت خواہانہ رویہ اپنانے کی ضرورت نہیں، ڈٹ کر سازشوں کا مقابلہ کریں گے، پیپلز پارٹی کی شہید چیئرپرسن کے ویژن کے مطاطبق پارٹی کو فعال اور متحرک کریں گے، ڈسٹرکٹ کے بعد تحصیل لیول پر پارٹی کارکنوں کے کنونشن منعقد کروائے جائیں گے۔