کاروباری تنازعہ پر تحریک انصاف لاہور کی عہدیدار نیلم اشرف کا بیٹا قتل

کاروباری تنازعہ پر تحریک انصاف لاہور کی عہدیدار نیلم اشرف کا بیٹا قتل

لاہور (سٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف شعبہ خواتین لاہور کی صدر نیلم اشرف کے بیٹے نعمان اشرف کو کاروباری لین دین کے معاملے پر قتل کر دیا گیا۔ پولیس نے مقتول کے ماموں کی درخواست پر 2 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے ملزموں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنے شروع کر دئیے ہیں۔ معلوم ہوا ہے نیلم اشرف کے بیٹے نعمان اشرف کا وارث نامی شخص سے پیسوں کے لین دین پر جھگڑا چل رہا تھا گذشتہ روز جیسے ہی نعمان وارث سے ملکر رنگ روڈ پر آیا تو اس پر فائرنگ کر دی گئی۔ مقتول کے ورثاء کے مطابق نعمان کو قتل کیا گیا ہے۔ پولیس نے مقتول کے ماموں میاں منور کی درخواست پر وارث اور خورشید کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کو جلد گرفتار کرکے بھرپور کارروائی کی جائے گی۔ مقتول 25 سالہ نعمان اشرف کی 14فروری کو شادی طے تھی۔ پولیس نے وارث اس کے بھائی، خورشید کو گرفتار کر لیا۔ ان سے تفتیش جاری ہے۔