قصور: مخالفین نے پی ٹی آئی کے رہنما مسعود احمد کو 4ساتھیوں سمیت قتل کر دیا

قصور: مخالفین نے پی ٹی آئی کے رہنما مسعود احمد کو 4ساتھیوں سمیت قتل کر دیا

قصور/ مصطفی آباد/ للیانی  (نامہ نگاران) قصور کے نواحی قصبے مصطفی آباد (للیانی) فیروز روڈ پر ٹول پلازہ کے نزدیک نامعلوم مخالفین نے اندھادھند فائرنگ کرکے تحریک انصاف کے رہنما اور حلقہ پی پی 175 کے ٹکٹ ہولڈر مسعود احمد بھٹی کو دو گن مینوں، 2دوستوں سمیت قتل کردیا۔ مرنیوالوں میں گن مین محمد خالد انصاری، بابر علی، دوست چودھری ضیاء الدین ایڈووکیٹ اور صاحب دین شامل ہیں۔ مسعود احمد بھٹی ساتھیوں کیساتھ اپنی گاڑی میں مصطفی آباد سے لاہور کی جانب جا رہے تھے، جب گاڑی مصطفی آباد ٹول پلازہ پر روکی تو گھات لگا کر بیٹھے ہوئے نامعلوم مخالفین نے گاڑی پر اندھادھند فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے۔ ملزموں نے اس قدر اندھادھند فائرنگ کی کہ مقتولین کی گاڑی بْری طرح چھلنی ہوگئی۔ پولیس تھانہ مصطفی آباد نے موقع پر پہنچ کر مقتولین کی نعشوں کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال قصور پہنچا دیا۔ پولیس مصروف تفتیش ہے۔ لاہور سے خصوصی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے تھانہ مصطفی آباد کی حدود میں تحریک انصاف کے رہنما سمیت پانچ افراد کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔