ایٹم بم بنانے پر مجبور کیا گیا, پاکستان کو نیوکلیئر سپلائر گروپ کی رکنیت دی جائے: سیکرٹری خارجہ
سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان پر امن ذمہ دار ایٹمی ملک ہے اور اس کے جوہری ہتھیار بین الاقوامی اصولوں کے مطابق محفوظ ہیں، ایٹمی ہتھیارخطے کی تباہی کے لئے نہیں بلکہ اپنے دفاع کے لئے ہیں، پاکستان بھارت سمیت تمام پڑوسی ممالک سے خوشگوار تعلقات کا خواہاں ہے اور پرامن ہمسائیگی کے ویژن پر عمل پیرا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسٹیٹیوٹ آف سٹریجیز سٹیڈیز میں سےمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اعزاز چوہدری نے کہا پاکستان نے 22سال تک خطے کو نان نیوکلیئر رکھنے کی تجویز دی تھی لیکن بھارت اور امریکہ کے درمیان جوہری معاہدوں سے خطے کا توازن خراب ہوا۔ پڑوسی ملک بھارت نے 1974ءمیں پہلا ایٹمی دھماکہ کیا، ہم نے ہتھیار تباہی کے لئے نہیں بنائے ہمیں ایٹم بم بنانے پر مجبور کیا گیا ہے۔ پاکستان کا ایٹمی پروگرام خطے میں تواز ن رکھنے اور اپنے دفاع کے لئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے لئے کوشاں ہے۔ بھارت سمیت تمام پڑوسی ممالک سے خوشگوار تعلقات کا خواہاں ہے اور پرامن ہمسائیگی کے ویژن پر عمل پیرا ہے۔ پاکستان خطے میں امن کے لیے ایٹمی عدم پھیلاﺅ کی کوششوں کا حامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بھی نیوکلیئر سپلائر گروپ میں رکنیت دی جانی چاہیے تاکہ خطے میں تواز ن برقرار رکھا جا سکے۔