باجوڑ ‘ بم دھماکے میں5 افراد جاں بحق‘25 زخمی: کراچی‘ ٹارگٹ کلنگ‘ ڈی ایس پی اور محافظ شہید
باجوڑ ایجنسی (آن لائن+ آئی این پی) باجوڑ ایجنسی کی تحصیل ناواگئی میں سڑک کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم دھماکے میں پانچ افراد جاں بحق، 25 زخمی ہوگئے۔ پولیٹیکل حکام کے مطابق دہشت گردی کا یہ واقعہ چہارمنگ میں سڑک کے کنارے نصب ریموٹ کنٹرول بم پھٹنے کے باعث پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی فورسز اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کیا۔ ریسکیو ٹیموں نے جاں بحق افراد کی میتوں اور زخمیوں کو خار ہیڈکوارٹرز ہسپتال منتقل کیا۔ تین زخمی تشویشناک حالت میں راستے میں دم توڑ گئے۔ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف، وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری نے بم دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ہے۔
کراچی (کرائم رپورٹر) کراچی میں جمعہ کی صبح عزیز آباد کے علاقے مکا چوک کے نزدیک ڈی ایس پی ٹریفک محمد حنیف خان اور ان کے گن مین سلطان احمد کو فائرنگ کرکے شہید کر دیا گیا‘ رواں ماہ کے دوران دہشت گرد حملوں میں شہید پولیس اہلکاروں کی تعداد 6 ہوگئی۔ صوبائی وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے ڈی ایس پی اور ان کے گن مین کی شہادت کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سندھ سے رپورٹ طلب کرلی۔ ڈی ایس پی 45 سالہ محمد حنیف خان بادشاہ کو ملت گرلز کالج کے نزدیک اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ اپنے گن مین 48 سالہ سلطان کے ساتھ سرکاری کار نمبر SP189-A میں جارہے تھے‘ دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار دہشت گرد جنہوں نے اپنے چہرے چھپا رکھے تھے‘ نے سامنے اور دائیں طرف سے کار پر گولیاں برسائیں، حنیف خان اور سلطان احمد سر اور سینے میں گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوئے اور بعدازاں انہوں نے ہسپتال میں دم توڑ دیا‘ دہشت گرد باآسانی فرار ہوگئے۔ ڈی ایس پی محمد حنیف خان ٹریفک سیکشن عزیز آباد میں تعینات تھے۔ پولیس کے مطابق حملے میں نائن ایم ایم پستول استعمال کئے گئے اور حملہ آوروں نے 25 سے زائد رائونڈ فائر کئے جن میں سے 18 گولیوں کے خول جائے وقوعہ سے ملے ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی نے امکان ظاہر کیا ہے کہ دہشت گردی کے اس واقعے میں کوئی کالعدم تنظیم ملوث ہوسکتی ہے۔وزیرداخلہ سندھ سہیل انورسیال نے ڈی ایس پی ٹریفک اور ان کے گن مین کے قتل میں ملوث ملزموں کی گرفتاری میں مدد پر ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کر دیا۔وزیرداخلہ سندھ سہیل انورسیال نے ڈی ایس پی ٹریفک اور ان کے گن مین کے قتل میں ملوث ملزموں کی گرفتاری میں مدد پر ایک کروڑ روپے انعام کا اعلان کر دیا۔ڈیرہ اسماعیل خان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق سکیورٹی پر تعینات اہلکار یاسر شاہ اور ناصر شاہ فائرنگ سے شدید زخمی ہوئے جن کو طبی امداد کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔