شمالی وزیرستان: جیٹ طیاروں کی بمباری سے 65 دہشت گرد ہلاک‘ جنرل راحیل سے ایئرچیف کی ملاقات‘ آپریشن کی کامیابی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کا عزم

شمالی وزیرستان: جیٹ طیاروں کی بمباری سے 65 دہشت گرد ہلاک‘ جنرل راحیل سے ایئرچیف کی ملاقات‘ آپریشن کی کامیابی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کا عزم

شمالی وزیرستان + راولپنڈی (سٹاف رپورٹر+نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ)  شمالی  وزیرستان میں پاک فوج کا آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے۔  مختلف علاقوں  میں جیٹ طیاروں کی بمباری سے 65 دہشت گرد ہلاک  جبکہ ان کے 5 ٹھکانے تباہ کردیئے گئے جبکہ جنرل ہیڈ کوارٹر میں پاک فضائیہ کے سربراہ ائرمارشل طاہر رفیق بٹ نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی جس کے دوران پاک فوج اور فضائیہ کی قیادت نے آپریشن ضرب عضب کو کامیاب بنانے کیلئے مشترکہ پلان پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر جنرل راحیل نے کہا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب جاری رہے گا۔ دہشت گردوں کا آخری حد تک تعاقب کیا جائیگا۔ ملاقات میں آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کا عزم کیا گیا۔ بدھ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان  میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے۔  تحصیل دتہ خیل کے شمال مغربی علاقوں میں جاری آپریشن ضرب عضب کے دوران پاک فوج کے جیٹ طیاروں نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 35 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے 3 ٹھکانے بھی تباہ ہوگئے۔ ہلاک ہونے والے دہشت گرد شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں سے فرار ہو کر یہاں پناہ گزین تھے۔ دریں اثناء  شوال کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی  فورسز  کی بمباری سے 30  دہشت گرد مارے گئے جبکہ انکے 2 ٹھکانے تباہ کردیئے گئے۔ علاوہ ازیں ائیر چیف مارشل طاہر رفیق نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات میں آپریشن ضرب عضب پر تبادلہ خیال  اور آپریشن ضرب عضب کو کامیاب بنانے کیلئے مشترکہ پلان بنانے پر اتفاق کیا گیا جبکہ  آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا آخری حد تک پیچھا کریں گے اور ان کی کمین گاہوں کو ختم کیا جائے گا۔ پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ  آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ طاہر رفیق بٹ نے راولپنڈی میں جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا جس میں  انہوں نے پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی۔ دونوں سربراہان کے درمیان ہونے والی اس ملاقات میں شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب میں اب تک ہونے والی پیش رفت سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں فورسز کے سربراہان نے اس بات کا عزم کیا کہ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے دونوں سربراہان نے مستقبل کے منصوبوں کا جائزہ بھی لیا اور ڈی جی ملٹری آپریشن کی طرف سے بریفنگ بھی دی گئی اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کا آخری حد تک پیچھا کریں گے اور ان کی کمین گاہوں کو ختم کیا جائے گا۔