ملک بھر میں موٹر ویز کے جال بچھائیں گے : نواز شریف

 ملک بھر میں موٹر ویز کے جال بچھائیں گے : نواز شریف

وزیراعظم نواز شریف نے ایک سو چھیاسی کلو میٹر طویل  کراچی سے حیدرآباد تک موٹروے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ موٹر وے کا پہلا مرحلہ چار سال میں مکمل ہوگا جس پر چھتیس ارب روپے لاگت آئے گی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ  گوادر سے وسطی ایشیا تک موٹرویز بنانا چاہتے ہیں۔ان کا کہنا تھا  پاک افواج دہشتگردی کیخلاف جنگ جانفشانی سے لڑ رہی ہیں ، ملک کو دہشتگردی سے مکمل طور پر پاک کریں گے-
نواز شریف نے کہا کہ  ایف ڈبلیو او نے ہمیشہ کٹھن حالات میں بڑے منصوبے مکمل کیے ہیں ۔ خنجراب سے گوادر تک موٹر وے بنانا چاہتے ہیں ۔ ملیر ایکسپریس وے کے تعمیراتی کام کو تیز کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ  سکھر سے ملتان تک منصوبہ پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت مکمل کیا جائیگا ۔ پاکستان کے نوجوانوں کی صلاحیتوں سے  استفادہ کرنا ہے۔ موٹر وے کی تعمیر سے لوگ جہازوں کے بجائے کاروں پر سفر کو ترجیح دیں گے۔