لندن: لیبر پارٹی نے پاکستانی نژاد ناز شاہ کو جارج گیلووے کیخلاف انتخابی امیدوار مقرر کردیا

لندن: لیبر پارٹی نے پاکستانی نژاد ناز شاہ کو جارج گیلووے کیخلاف انتخابی امیدوار مقرر کردیا

لندن (بی بی سی) برطانیہ کی لیبر پارٹی نے بریڈفورڈ ویسٹ سے پاکستانی نڑاد ناز شاہ کو ریسپیکٹ پارٹی کے جارج گیلووے کیخلاف انتخابات لڑنے کیلئے امیدوار مقرر کیا ہے۔ لیبر کیلئے بریڈفورڈ ویسٹ ایک اہم نشست ہے تاہم مقابلہ کٹھن ہے، خاص طور پر ناز شاہ جیسی خاتون کیلئے جو میدان میں اسوقت اتریں جب سابق امیدوار آمنہ علی یہ کہہ کر دستبردار ہو گئیں کہ وہ اپنے خاندان کو بریڈفورڈ منتقل نہیں کرنا چاہتیں۔ حقیقت کچھ بھی ہو، اتنا ضرور ہے کہ ناز شاہ نے تمام زندگی کڑے حالات میں سخت جدوجہد کی۔ انکا تعلق اس علاقے سے بھی ہے۔ والد نے انکی ماں کو دو کمسن بچوں سمیت چھوڑ دیا اور یہ بہت نامساعد حالات میں بڑی ہوئیں۔ ناز شاہ جب 12 برس کی تھیں تو انکی والدہ ایک پُرتشدد رشتے میں بندھی تھیں اور انہیں نے ناز کو اس سے محفوظ رکھنے کی غرض سے پاکستان روانہ کردیا۔ 15 سال کی عمر میں ناز کو جبراً شادی کے بندھن میں باندھ دیا گیا۔ ناز شاہ کہتی ہیں بریڈفورڈ ویسٹ میں بسے خاندان کو جن مشکلات کا سامنا ہے میں ان سے اچھی طرح واقف ہوں کیونکہ میں بذاتِ خود ان مشکلات سے گزر چکی ہوں۔