رضاربانی کی شہرت اچھی ہے لیکن ووٹ نہیں دیں گے، تحریک انصاف کے ڈر سے سب اکٹھے ہو جاتے ہیں: عمران

رضاربانی کی شہرت اچھی ہے لیکن ووٹ نہیں دیں گے، تحریک انصاف کے ڈر سے سب اکٹھے ہو جاتے ہیں: عمران

چکدرہ + اسلام آباد+ لاہور ( خصوصی رپورٹر +نوائے و قت رپورٹ) عمران خان نے کہا ہے کہ این اے 122 کا معاملہ نادرا کے پاس چلا گیا ہے جس میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔ ملک کی تاریخ میں پہلی بار ہم نے سینٹ انتخابات میں پیسہ نہیں چلنے دیا جو بہت بڑی تبدیلی ہے۔ پوری قوم نے دیکھا کہ ایک جماعت جس نے پہلی بار سینٹ انتخابات میں حصہ لیا اس کے غریب طبقے سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کو کروڑوں روپوں کی پیشکش ہوئی جسے انہوں نے ٹھکراتے ہوئے خود کو فروخت نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ عمران خان نے چکدرہ میں شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ خیبر پی کے میں ٹمبر مافیا کا مقابلہ کیا جائے گا۔ جنگلات کے تحفظ کے لئے مل کر کام کرنا ہو گا۔ درختوں کی کٹائی روکنے کے لئے مقامی لوگوں کی نگہبان فورس کام کرے گی۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران نے کہاکہ رضا ربانی کی شہرت اچھی ہے، دیکھکتے ہیں پرفارمنس کیسی دیتے ہیں، پارلیمنٹ میں کوئی نیا اتحاد نہیں بن رہا، یہ سب تحریک انصاف سے ڈر کر جمع ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے ایک بار پھر پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کو تنقید کا نشانہ بنایا اور ساتھ ہی واضح کیا کہ وہ سینٹ میں دونوں جماعتوں کو ووٹ نہیں دیں گے۔ جب تحریک انصاف نے دھرنا دیا تو یہی جماعتیں نوازشریف کے ساتھ اکٹھی ہو گئیں، جب بھی ان جماعتوں کو تحریک انصاف سے خطرہ ہوتا ہے تو یہ سب ایک جگہ جمع ہو جاتی ہیں۔ جوڈیشل کمشن نہیں بنا تو سڑکوں پر نکلیں گے، 2015ء انتخابات کا سال ہو گا۔ چار حلقوں میں سے 3کیسز نادرا کے پاس چلے گئے ہیں۔ نادرا تحقیقات کرے سب کو نتائج کا انتظار ہے۔ نادرا کی تحقیقات کے بعد بڑا فراڈ سامنے آئے گا۔ تحریک انصاف میں شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ قوم اس وقت ایک نئی سیاست دیکھ رہی ہے۔ این اے 122 کے فیصلے کے بعد جوڈیشل کمشن نہ بنا تو سڑکوں پر آئیں گے۔ خیبر پی کے انتخابات کو کوئی چیلنج کرے تو کمشن بنانے کیلئے تیار ہیں۔ سٹریٹ پاور کے زور پر جوڈیشل کمشن بنوائیں گے، مسلم لیگ ن نے 70لاکھ جعلی ووٹ ڈالے۔عمران ٹائیگر فورس کی تشکیل کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے عمران نے کہا ہے کہ نوجوان ہی پُر امن انقلاب لائیں گے، ہماری جدوجہد انصاف پر مبنی ایسے معاشرے کے قیام کیلئے ہے جہاں کوئی کسی پر ظلم نہ کرے۔ انہوں نے آئی ٹی ایف کی ممبر شپ اوپن کرنے کا اعلا ن کیا۔ عمران خان نے ٹائیگر فورس بنانے میں پی ٹی آئی لاہور کی تنظیم اور عبدالعلیم خان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد دی۔ شعیب صدیقی، فرخ جاوید مون اور شیخ عامر بھی اس موقع پر موجود تھے جبکہ سید راشد ریاض، میاں طارق، فیصل جٹ، معین خان، وسیم جبار نے عمران کا بھرپور استقبال کیا۔