حکومت کا دامن کرپشن سے پاک ہے، کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا : شہباز شریف

حکومت کا دامن کرپشن سے پاک ہے، کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا : شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کی تیز رفتار ترقی کیلئے توانائی بحران ،دہشت گردی،انتہا پسندی اورفرقہ واریت جیسے مسائل پر قابو پانا ناگزیر ہے۔ مسلم لیگ(ن) کی حکومت توانائی بحران کے خاتمے اور انسداد دہشت گردی کے حوالے سے موثر اقدامات کررہی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ حکومت کی ٹھوس معاشی پالیسوں کے باعث ملک میں تجارتی، اقتصادی اورصنعتی سرگرمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ غیر ملکی سرمایہ کاروں کا حکومت پر اعتماد بڑھا ہے۔ صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کو معیار، شفافیت اور برق رفتاری سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ محنت اور جہد مسلسل سے خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی منزل کے حصول کا خواب جلد پورا ہوگا۔ حکومت کا دامن کرپشن سے پاک ہے کوئی بھی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے منتخب نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شہباز شریف نے منتخب نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت دہشت گردی کے مسئلے سے نمٹنے کے ساتھ تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں کی بہتری پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ پنجاب حکومت نے صوبے میں فروغ تعلیم کیلئے ٹھوس حکمت عملی اپنائی ہے۔ صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے صوبائی ہائیرایجوکیشن کمیشن کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ سکولوں میں عدم دستیاب سہولتوں کی فراہمی پر اربوں روپے صرف کئے جا رہے ہیں۔ پنجاب کے پسماندہ اضلاع خصوصاً جنوبی پنجاب میں دانش سکولز قائم کئے گئے ہیں۔ اسی طرح پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے کم وسیلہ مگر ہونہار بچوں کو تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے کے بھرپور مواقع فراہم کئے گئے ہیں۔ صحت عامہ کی سہولتوں کی فراہمی کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تعلیم کی طرح صحت کا شعبہ بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور صحت کے شعبے کی ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ برطانیہ کے بین الاقوامی ترقی کے ادارے ڈیفڈ کے تعاون سے شعبہ صحت میں اصلاحات متعارف کرائی جارہی ہیں۔ مدر اینڈ چائلڈ کئیر پروگرام کے ذریعے زچہ بچہ کی صحت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ اساتذہ کے تربیتی پروگرام کی طرز پر ہیلتھ ورکرز کو بھی جدید تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ موبائل ہیلتھ یونٹس پراجیکٹ انتہائی کامیاب رہا ہے اور صوبے کے دور دراز علاقوں میں موبائل ہیلتھ یونٹس عوام کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں کرپشن فری کلچر کو فروغ دیا گیا ہے اور تمام ترقیاتی منصوبے شفافیت اور برق رفتاری سے مکمل کئے جا رہے ہیں اور ان منصوبوں کی تکمیل میں معیار کو ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے۔ شفافیت، معیار اورتیزرفتاری سے منصوبوں کی تکمیل پنجاب حکومت کا طرئہ امتیاز ہے، حکومت کا دامن کرپشن سے پاک ہے، کوئی بھی انگلی نہیں اٹھا سکتا۔