گورنر گلگت بلتستان کا ذاتی گھر کیمپ آفس قرار، پونے 4 لاکھ ماہانہ کرایہ مقرر

گلگت(آئی این پی) اسلام آباد میں گورنر پیر کرم علی شاہ کے ذاتی مکان کو گورنر گلگت بلتستان کا کیمپ آفس بناکر اس کا ماہانہ کرایہ 3 لاکھ 70 ہزار روپے رکھا گیا ہے۔ دو کمروں پر مشتمل مکان کی تزئین و آرائش کیلئے صوبائی حکومت نے 2 کروڑ روپے مختص کردئیے۔ صوبائی حکومت کے انتہائی ذمہ دار ذرائع کے مطابق یہ غیرقانونی ٹھیکہ صوبائی وزیر تعمیرات کے بھائی کو دیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ 2 کروڑ کے فنڈز کو منظور کرانے میں گورنر گلگت بلتستان نے صوبائی حکومت پر زبردست دباﺅ ڈالا اور گلگت بلتستان کی ڈوبتی ہوئی معاشی صورتحال کے باوجود اپنے لئے یہ فنڈز حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ گورنر گلگت بلتستان کے اسلام آباد کیمپ آفس کا ماہانہ 3 لاکھ 70 ہزار روپے کرایہ اور لاکھوں روپے کے دیگر اخراجات صوبائی حکومت کو برداشت کرنا پڑیں گے۔ صوبائی وزارت خزانہ کے ذمہ داروں سے جب رابطہ کیا گیا تو وہ کوئی تسلی بخش جواب نہیں دے سکے تاہم ذمہ دار ذرائع اس کی مکمل تصدیق کررہے ہیں۔