نیئر بخاری نئے چیئرمین سینٹ‘ صابر بلوچ ڈپٹی چیئرمین نامزد‘ حکومتی اتحادیوں نے توثیق کر دی

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز + ایجنسیاں) صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی سربراہی میں ہونے والے اتحادی جماعتوں کے اجلاس میں فاروق ایچ نائیک کی جگہ سینیٹر نیئر حسین بخاری کو نیا چیئرمین سینٹ اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے پیپلز پارٹی کے سینیٹر صابر بلوچ کو ڈپٹی چیئرمین سینٹ نامزد کر دیا گیا ہے جس کی توثیق اتحادی جماعتوں نے کر دی ہے، اس کی تصدیق ترجمان ایوان صدر نے کی ہے۔ اجلاس میں عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی‘ سینیٹرز افراسیاب خٹک‘ (ق) لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین‘ مشاہد حسین سید‘ ایم کیو ایم کے سنیٹرز بابر غوری‘ طاہر مشہدی‘ فاٹا کے پارلیمانی لیڈر منیر خان اورکزئی‘ انجینئر شوکت اللہ‘ بی این پی کے اسرار اللہ زہری اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال‘ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ کے الیکشن صدر کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب سمیت دیگر معاملات پر بھی غور کیا گیا۔ صدر زرداری نے سینٹ میں قائد ایوان سینیٹر نیئر حسین بخاری کو نیا چیئرمین سینٹ اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے پیپلز پارٹی کے سینیٹر صابر بلوچ کو ڈپٹی چیئرمین سینٹ کے لئے نامزد کیا اور تمام اتحادیوں سے درخواست کی وہ 12 مارچ کو ہونے والے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ کے انتخاب میں پیپلز پارٹی کے نامزد کردہ امیدواروں کی بھرپور حمایت کریں۔ اتحادیوں نے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور صدر کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا کہ وہ قومی معاملات پر اتحادی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے، پیپلز پارٹی کے نامزد امیدواروں کی حمایت کرنے پر وہ ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، پیپلز پارٹی مفاہمت کی سیاست پر عمل پیرا ہے جسے جاری رکھا جائے گا، مختلف معاملات پر اتحادی جماعتوں سے بات چیت کا عمل آگے بڑھایا جائے گا۔ جمہوریت کے استحکام میں ہی سب کی بھلائی ہے، پیپلز پارٹی نے بڑی قربانیاں دے کر ملک میں جمہوری نظام کو بحال کیا ہے۔ چند قوتیں ملک میں جمہوری نظام کو غیر مستحکم کرنا چاہتی ہیں تاہم پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادی ایسی کوششوں کا مل کر ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ سینٹ انتخابات کے بعد اب عام انتخابات کی تیاری کا عمل شروع کیا جائیگا، عام انتخابات کے لئے سیاسی اتحادیوں سے بھی مشاورت کے عمل کو بڑھایا جائے گا۔ اس موقع پر سینیٹر نیئر حسین بخاری نے صدر زرداری اور اتحادی جماعتوں کی جانب سے ان پر کئے جانے والے اعتماد پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ پیپلز پارٹی کے ادنیٰ کارکن ہیں اور جو ذمہ داریاں صدر انہیں سونپنے جا رہے ہیں ان کو احسن طریقے سے سرانجام دینے کی کوشش کریں گے۔ صدر نے اتحادی جماعتوں کے رہنماﺅں کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔
چیئرمین سینٹ / نامزد