حکومت نے ادائیگی نہ کی تو لوڈ شیڈنگ مزید 4 گھنٹے بڑھ جائے گی: آئی پی پیز

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) آئی پی پیز نے عدالت عظمیٰ کو بتایا ہے کہ حکومت کی جانب سے رقم کی عدم ادائیگی پر ملک میں لوڈ شیڈنگ میں مزید چار گھنٹے کا اضافہ ہو جائے گا۔ فاضل عدالت نے آئی پی پیز کی عدم ادائیگی کے خلاف درخواست کی سماعت کے دوران اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آج (بدھ) طلب کر لیا ہے۔ جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں چار رکنی بنچ نے منگل کو سماعت شروع کی تو آئی پی پیز کے وکیل فخر الدین جی ابراہیم نے دلائل دئیے کہ حکومت نے معاہدہ کے باوجود آئی پی پیز کو 56 ارب روپے ادا نہیں کئے، اس وقت ملک کا سب سے بڑا مسئلہ لوڈ شیڈنگ ہے، یہ مزید چار گھنٹے بڑھ گئی تو عام آدمی کا کیا حال ہو گا۔ حکومت اپنی کمزوری کے باعث ثالثی سے کترا رہی ہے۔