کراچی :گورنر سندھ جسٹس (ر) سعید الزمان صدیقی انتقال کر گئے۔ وہ کچھ عرصہ سے علیل تھے اور ہسپتال میں بھی زیرعلاج رہے۔ترجمان گورنر ہاؤس کے مطابق سندھ کے گورنر جسٹس ریٹائرڈ سعیدالزماں صدیقی انتقال کرگئےہیں ، عہدہ سنبھالنے کے بعد سے ہی ان کی طبیعت بدستور خراب رہی اور وہ کئی بار اسپتال میں زیر علاج رہے تاہم طبیعت میں بہتری کے بعد انہیں اسپتال سے گھر منتقل کردیا گیا تھا اور بعد میں وہ گورنر ہاؤس بھی منتقل ہوگئے تھے لیکن آج گورنر سندھ کی طبعیت اچانک خراب ہوئی، انہیں سینے میں تکلیف اورسانس لینے میں دشواری کا سامنا تھا جس پر انہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے۔گورنر سندھ سعیدالزماں صدیقی 79 برس کی عمر میں انتقال کرگئے -سعیدالزماں صدیقی سندھ کے 31 ویں گورنرتھے-صدر، وزیراعظم، قومی رہنماؤں نے افسوس اور غم کا اظہار کیا ہے۔ نئے گورنر کی نامزدگی تک سراج درانی قائم مقام گورنر سندھ ہوں گے-
جسٹس(ر) سعیدالزماں صدیقی یکم دسمبر1937کو لکھنؤ بھارت میں پیدا ہوئے اور 1954 میں جامعہ ڈھاکا سے انجینیرنگ میں گریجویشن کیا، جامعہ کراچی سے 1958 میں وکالت کی تعلیم حاصل کی۔ جسٹس(ر) سعیدالزماں صدیقی یکم جولائی 1999 سے 26 جنوری 2000 تک چیف جسٹس کے عہدے پر فائز رہے تاہم پرویز مشرف کے دور حکومت میں انہوں نے پی سی او کے تحت حلف اٹھانے سے انکار کردیا تھا۔ حکومت نے 11 نومبر 2016 کو ڈاکٹر عشرت العباد کی جگہ جسٹس(ر) سعیدالزماں صدیقی کو گورنر سندھ بنایا تھا۔