ملک میں کئی مقامات پر بارش نے جل تھل کردی، شمالی علاقوں میں پہاڑوں پر وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ بھی جاری
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، گلگت بلتستان، چترال، سوات، کوہستان، شانگلا، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مالاکنڈ، دیر، سیدو شریف، گوپس، اسلام آباد، راولپنڈی اور جہلم کے اضلاع میں بارش جبکہ کشمیر، مری، گلیات، کالام، مالم جبہ اور دیر میں پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ بھی وقفے وقفے سے جاری ہے. آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ، مردان ڈویژن، راولپنڈی، گوجرانوالہ ڈویژن، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی بھی توقع ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا. آج مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے.
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج سب سے زیادہ سردی پاراچنار اور کوئٹہ میں ہے جہاں پارہ منفی چار ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے. گوپس، مری، دالبندین اور کالام میں درجہ حرارت منفی تین، جبکہ قلات، دیر، مالم جبہ، دروش اور نوکنڈی میں منفی دو ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا. گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بالائی خیبرپی کے، بالائی پنجاب، اسلام آباد، بالائی فاٹا اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برفباری بھی ہوئی جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا ۔