پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں نئے کاروباری ہفتے کے پہلے روزکاروبار حصص میں مندی کا رجحان رہا، ملک میں جاری سیاسی کشمکش ایک بار پھر سرمایہ کاروں کو خوفزدہ کررہی ہے، جس کی وجہ سے سرمایہ کاروں کی جانب سے شیئرز کی فروخت جاری رہی۔مارکیٹ سرمایہ میں 93 ارب 64 کروڑ روپے سے زائد کی کمی ہوئی۔ شیئرز کی خرید و فروخت میں بھی 2 کروڑسے زائد شیئرز کی کمی دیکھی گئی۔پیر کو مارکیٹ میں ابتداء سے ہی مارکیٹ دبائو میں دیکھی گئی اور نئے کاروباری ہفتے کے آغاز پر پیر کو پی ایس ایکس میں مندی کا رجحان رہا۔کاروبار کے اختتام پرکے ایس ای 100 انڈیکس 598.30 پوائنٹس کی کمی سے 38481.70 پوائنٹس پر بند ہوا، کے ایس ای 30 انڈیکس بھی 324.67 پوائنٹس کی مندی سے 19166.04 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کے ایس سی آل شیئر انڈیکس میں 308.67 پوائنٹس کی کمی رونماء ہوئی اور کے ایم آئی 30 انڈیکس میں 980.50 پوائنٹس کا خسارہ دیکھا گیا۔مارکیٹ میں مجموعی طور پر 367 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جن میں سے 45 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی، 308 کمپنیوں کے حصص کے بھائو میں مندی اور 14 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ مجموعی طور پر 12 کروڑ 94 لاکھ 21 ہزار 650 شیئرز کا کاروبار ہوا جبکہ گزشتہ جمعہ کو 14کروڑ95لاکھ 28ہزار سے زائدحصص کے سودے ہوئے تھے۔ مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 93 ارب 64 کروڑ 61 لاکھ 3 ہزار 344 روپے کی کمی سے 82 کھرب 26 ارب 96 کروڑ 6 لاکھ 92 ہزار 799 روپے رہ گیا۔ سب سے زیادہ تیزی نیسلے پاکستان ایکس ڈی کے حصص کی قیمت میں ہوئی جس کے حصص کی قیمت 120 روپے کے اضافے سے 12195 روپے پر بند ہوئی۔ اسی طرح خیبر ٹوبیکو کے حصص کی سودے بھی 64.50 روپے کی تیزی سے 1565 روپے پر بند ہوئے۔ سب سے زیادہ مندی ویتھ پاک لمیٹڈ اور سانوفیل ایونٹس کے حصص کی قیمتوں میں ہوئی۔ ویتھ پاک لمیٹڈ کے حصص کی قیمت 71.75 روپے کی مندی سے 1498.25 روپے اور سانوفیل ایونٹس کے حصص کی قیمت بھی 59.25 روپے کی کمی سے 1269.69 روپے رہ گئی۔ سب سے زیادہ کاروبار ورلڈ کال ٹیلی کام کے حصص میں ہوا جو 1 کروڑ 85 لاکھ 39 ہزار 500 شیئرز رہا جس کی قیمت 3.17 روپے سے شروع ہو کر 2.98 روپے پر بند ہوئی جبکہ ٹی آر جی پاکستان لمیٹڈ کے 83 لاکھ 2 ہزار حصص کے سودے 34 روپے سے شروع ہو کر 32.14 روپے پر بند ہوئے۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38