.حدیبیہ کیس کی سماعت آج، نئے پراسیکیوٹر کی تقرری تک کارروائی ملتوی کی جائے: نیب
اسلام اباد (این این آئی) سپریم کورٹ آف پاکستان میں حدیبیہ پیپرملز کیس کی سماعت کا آغاز (آج)پیر سے ہوگا نجی ٹی وی کے مطابق نیب نے سپریم کورٹ سے درخواست کی ہے کہ حدیبیہ پیپر ملز ریفرنس میں نئے پراسیکیوٹر کی تقرری تک سماعت ملتوی کی جائے۔ سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ میں شامل جسٹس مشیر عالم، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس مظہر عالم خان میاخیل لاہور ہائی کورٹ کے 2014 کے فیصلے کے خلاف نیب کی درخواست پر سماعت کریں گے۔خیال رہے کہ گزشتہ ماہ نومبر میں وقاص قدیر ڈار کی ریٹائرمنٹ کے بعد سے نیب پروسیکیوٹر جنرل کا دفتر خالی ہے۔ نیب نے کہا کہ اس حوالے سے سمری صدر کی منظوری کی منتظر ہے۔اس سے قبل 28 نومبر کو نیب کے سپیشل پراسیکیوٹر جنرل عمران الحق نے بنچ سے بیورو کی اپیل کی توثیق کی درخواست کی لیکن وہ عدالت کی جانب سے اٹھائے گئے متعدد سوالات کا جواب نہیں دے سکے تھے۔