این آئی سی ایل کیس، نیب نے یوسف گیلانی کو آج طلب کر لیا، چیئرمین نیب، وفاقی ٹیکس محتسب اور ملک اقبال سے پوچھ گچھ

این آئی سی ایل کیس، نیب نے یوسف گیلانی کو آج طلب کر لیا، چیئرمین نیب، وفاقی ٹیکس محتسب اور ملک اقبال سے پوچھ گچھ

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے این آئی سی ایل سکینڈل کی تحقیقات میں رکاوٹیں ڈالنے کے معاملے پر سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو (آج) بدھ کو طلب کرلیا جبکہ چیئرمین نیب قمرالزمان چوہدری، وفاقی ٹیکس محتسب عبدالرئوف چوہدری اور سابق ڈی جی ایف آئی اے ملک اقبال کے بیانات قلمبند کر لئے ہیں۔ نیب کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق سپریم کورٹ کے حکم پر این آئی سی ایل سکینڈل کی تحقیقات میں رکاوٹیں ڈالنے والوں سے تحقیقات کیلئے قائم نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے چیئرمین نیب قمرالزمان چوہدری‘ وفاقی ٹیکس محتسب عبدالرئوف چوہدری‘ سابق ڈی جی ایف آئی آر ملک محمد اقبال سے پوچھ گچھ کرتے ہوئے انکے بیانات قلمبند کئے اور ان سے سوالوں کے تحریری جواب بھی لئے۔ مذکورہ ملزمان سے این آئی سی ایل سکینڈل کی تحقیقات میں رکاوٹیں پیدا کرنے میں کردار کے معاملے پر سخت سوالات پوچھے گئے۔ ایف آئی اے کے سابق ایڈیشنل ڈی جی ظفر قریشی بھی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوئے اور تحقیقاتی ٹیم کے سوالوں کے جوابات دئیے۔ تحقیقاتی ٹیم نے (آج) بدھ کو سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو بھی طلب کرلیا ہے جبکہ سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری خوشنود اختر لاشاری کو بھی طلبی کا نوٹس بھجوایا گیا تاہم انکے بیرون ملک ہونے کے باعث نوٹس کسی نے وصول نہیں کیا۔ نیب اعلامیہ کے مطابق مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کیس سے متعلقہ دیگر ملزمان کے کردار کے تعین کیلئے انہیں بھی نوٹس جاری کئے جائیں گے اور ان سے تحقیقات کی جائیں گی۔