’’اچھا عمران مجھے یاد کر رہے ہیں‘‘ صحافی کے سوال پر افتخار محمد چودھری کا قہقہہ لگا کر جواب

’’اچھا عمران مجھے یاد کر رہے ہیں‘‘ صحافی کے سوال پر افتخار محمد چودھری کا قہقہہ لگا کر جواب

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) یہاں ایک فائیو سٹار ہوٹل میں انتظامیہ کی جانب سے افطار ڈنر کے دوران صحافیوں نے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کو دیکھا تو ان سے ملک کی سیاسی صورتحال پر تبصرہ کرنے کے لئے کہا۔ ایک صحافی نے سابق جیف جسٹس سے پوچھا کہ آج کل عمران خان آپ کو یاد کر رہے ہیں تو سابق چیف جسٹس نے قہقہہ لگاتے ہوئے کہا ’’اچھا مجھے بہت یاد کر رہے ہیں‘‘ سابق چیف جسٹس نے صحافیوں کے سوالات دینے سے گریز کیا۔ آئی این پی کے مطابق افتخار محمد چودھری نے عمران خان کی طرف سے2013ء کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے الزامات پر کسی قسم کا تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔ جب ایک صحافی نے سوال دہرایا تو انہوں نے کہا کہ ملک کی تعمیر و ترقی اور عدلیہ کی بحالی میں میڈیا کا بہت کردار رہا ہے، میں انکی بہت عزت کرتا ہوں۔ آپ مہربانی کریں افطار کریں، کھانا کھائیں جس پر صحافی مسکراتے ہوئے واپس اپنی نشستوں پر چلے گئے۔ افطار ڈنر میں دیگر اہم شخصیات میں چیئرمین نیب قمر الزمان چودھری‘ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف ‘ مذہبی امور کے وزیر مملکت پیر امین الحسنات کے علاوہ اعلیٰ بیوروکریٹس کئی ریٹائرڈ ججز اور سینئر صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ افتخار محمد چودھری خصوصی توجہ کا مرکز بنے رہے، کئی نوجوانوں نے ان کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔