وزیراعظم صادق ‘امین نہیں رہے‘ تحریک انصاف کا ریفرنس دائر کرنے کا اعلان، الیکشن کمشن سے رجوع کرلیا

وزیراعظم صادق ‘امین نہیں رہے‘ تحریک انصاف کا ریفرنس دائر کرنے کا اعلان، الیکشن کمشن سے رجوع کرلیا

اسلام آباد (خبر نگار + ایجنسیاں) پاکستان تحریک انصاف نے وزیر اعظم نواز شریف کی قومی اسمبلی کی رکنیت سے نااہلی کیلئے سپیکر قومی اسمبلی کے پاس ریفرنس دائر کرنے کا اعلان کر دیا ہے اور نواز شریف کے کاغذات نامزدگی کے حصول کے لئے الیکشن کمشن میں باقاعدہ درخواست دیدی ہے، درخواست میں تحریک انصاف نے موقف اختیار کیا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف آئین کے آرٹیکل 62/63 پر پورا نہیں اترتے، نواز شریف متعدد سول و فوجداری مقدمات اور مہران بینک سکینڈل میں ملوث رہے، اصغر خان کیس میں سزا یافتہ اور نیب سے ڈیفالٹر قرار دیئے جا چکے ہیں وہ سابق صدر پرویز مشرف سے جلا وطنی کے دس سالہ معاہدہ کرنے کے باوجود قوم سے جھوٹ بولتے رہے۔ وہ صادق اور امین نہیں رہے۔ تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی علی محمد خان اور مراد سعید نے وزیر اعظم کے تصدیق شدہ کاغذات نامزدگی کے حصول کے لئے سیکرٹری الیکشن کمشن کو دی گئی درخواست میں کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 کے لئے جو کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں ان کی مصدقہ کاپی فراہم کی جائے۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ وزیر اعظم متعدد مقدمات میں سزا یافتہ ہیں، وہ صادق اور امین نہیں رہے، پاکستانی شہری اور رکن قومی اسمبلی کی حیثیت سے انہوں نے وزیر اعظم کو نا اہل قرار دلانے کے لئے کاغذات نامزدگی کے حصول کے لئے درخواست دی۔ انہوں نے کہا کہ ہماری نواز شریف سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں ہے نہ کسی کی ذاتی زندگی پر گند اچھالنا چاہتے ہیں۔ علی محمد خان نے کہا کہ نواز شریف کو نا اہل قرار دلانے کے لئے کافی ثبوت موجود ہیں۔ نواز شریف کو نااہل قرار دلوانے کے لئے ریفرنس سپیکر قومی اسمبلی کو بھیجیں گے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ وزیر اعظم نواز شریف ماضی کی طرح اب بھی اختیارات کا غلط استعمال کر رہے ہیں، بیٹے کو کاروباری فائدہ پہنچانے کے لئے وہ اپنے دورہ بھارت کے دوران ساتھ لے گئے جس سے واضح ہوتا ہے کہ وہ قوم کی خدمت نہیں کر رہے۔ تحریک انصاف کے رہنمائوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف ہیلی کاپٹر خریداری کیس اور اصغر خاں کیس میں سزا یافتہ ہیں۔ وہ قومی اسمبلی کے رکن بننے کے بھی اہل نہیں۔ شیریں مزاری نے نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعظم نواز شریف کے کاغذات نامزدگی حاصل کرنے کے لئے الیکشن کمشن سے رابطہ کیا ہے۔