تحریک انصاف سیاسی و قانونی جنگ پر آمادہ ہے تو ہم بھی تیار ہیں: پرویز رشید

تحریک انصاف سیاسی و قانونی جنگ پر آمادہ ہے تو ہم بھی تیار ہیں: پرویز رشید

اسلام آباد (آئی این پی + نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے تحریک انصاف کی طرف سے وزیراعظم نوازشریف کیخلاف  نااہلی کا ریفرنس دائر کرنے کے اعلان کو بچگانہ اقدام قرار دیتے ہوئے کہا تحریک انصاف کو انتخابی نتائج پر اٹھائے گئے اعتراضات کی طرح یہاں بھی منہ کی کھانی پڑیگی، تحریک انصاف اگر واقعی سیاسی اور قانونی جنگ پر آمادہ ہے تو ہم بھی تیار ہیں اور اسکا خیرمقدم کرتے ہیں۔ حکومت پوری تیاری کے ساتھ بھرپور جواب دیگی۔ تحریک انصاف کی طرف سے وزیراعظم نوازشریف کیخلاف نااہلی کا ریفرنس دائر کرنے کے اعلان اور الیکشن کمشن کو وزیراعظم کے کاغذات نامزدگی اور دیگر دستاویزت کے حصول کی درخواست پر ردعمل کا اظہا رکرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ لگتا ہے کہ یہ سب کچھ ارسلان افتخار کی طرف سے عمران خان کیخلاف دی گئی، نااہلی کی درخواست کے جواب میں کیا جا رہا ہے، تحریک انصاف اب جو ایشوز اٹھا رہی ہے ان سب میں عدالتیں وزیراعظم نوازشریف کو  بہت پہلے کلین چٹ دے چکی ہیں۔ تحریک انصاف نے اپنے اس اقدام سے ایک بار پھر ثابت کردیا ہے کہ وہ سیاسی بالغ نظری سے محروم ہے اور ابھی تک بچگانہ  ذہن کے ساتھ فیصلے کئے جاتے ہیں ۔ تحریک انصاف کی قیادت کی لاہور میں ’’چودھریوں‘‘ کے ہاں حاضری سے یہ پہلے ہی ثابت ہو چکا ہے کہ اندر سے یہ سب ایک ہیں اور اب تو کھلم کھلا اس بات کا اعتراف بھی کرلیا ہے کہ پی ٹی آئی اور ق لیگ کی سوچ ایک ہے۔  اگر وہ واقعی سیاسی و قانونی جنگ پر آمادہ ہے تو ہم حاضر ہیں۔ انہوں نے کہا طاہر القادری کا انقلاب اب ٹورنٹو جاکر رکے گا، اسلام کے نام پر چندہ مانگ کر سیاست کرنیوالے ہمیں سیاست نہ سکھائیں۔ 2002ء کے جعلی ریفرنڈم کا ڈھول بجانے والے طاہر القادری کس منہ سے انقلاب کی بات کرتے ہیں۔ طاہر القادری میں ہمت ہے تو پاسپورٹ پھاڑ کر ملک میں انقلاب لائیں۔