عوام کی بنیادی سہولتوں پر اربوں روپے خرچ کر رہے ہیں‘ پنجاب کو مثالی صوبہ بنائیں گے: شہباز شریف

عوام کی بنیادی سہولتوں پر اربوں روپے خرچ کر رہے ہیں‘ پنجاب کو مثالی صوبہ بنائیں گے: شہباز شریف

لاہور (خبرنگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اپنے منشور پر عمل کرتے ہوئے پاکستان کی ترقی اور عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں پر اربوں روپے خرچ کر رہی ہے۔ شفافیت، معیاراور ترقیاتی منصوبوں کی تیز رفتاری سے تکمیل ہماری پالیسی ہے۔ صوبے میں کرپشن فری کلچر کو فروغ دیا گیا ہے اور عوام کی ایک ایک پائی کو امانت سمجھتے ہوئے انکی فلاح و بہبود پر صرف کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ پانچ سالہ دور حکومت میں پنجاب کے عوام کی ترقی وخوشحالی کیلئے شروع کئے گئے سفر کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ حکومت کے فلاحی منصوبوں سے صوبے کے لاکھو ںغریب خاندان مستفید ہورہے ہیں۔  فلاحی سکیمو ںپر عملدرآمد آئندہ بھی جاری رہیگا۔ خدمت خلق عبادت کا درجہ رکھتی ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اپنے ادوار حکومت میں عوامی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کئے،آئندہ بھی خدمت خلق کی نئی تاریخ رقم کریںگے اور عوام سے کئے گئے وعدے پورے کریں گے۔ ان خیالات کاظہار انہوںنے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شہبازشریف نے ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ محنت، دیانت، امانت اور عوامی خدمت کو شعار بنا کر پنجاب کو ترقی کے لحاظ سے مثالی صوبہ بنائیںگے۔ لاہور کے کامیاب تجربے کے بعد ملتان، فیصل آباد اور راولپنڈی میں میٹرو بس منصوبے شروع کئے جارہے ہیں۔ لاہور میٹرو بس منصوبہ کو ملک اور بیرون ملک جس قدر پذیرائی ملی ہے ،ماضی قریب میں اس کی نظیر نہیں ملتی۔ عالمی سطح پر لاہورکے میٹرو بس منصوبے کو قومی وسائل عوام پر صرف کئے جانے کی بہترین مثال قرار دیا گیا ہے۔ راولپنڈی، ملتان اورفیصل آباد کے میٹرو بس منصوبے بھی معیار اورشفافیت کا اعلی شاہکار ہونگے اور لاکھوں لوگ تیزرفتار، باکفایت اورآرام دہ سفری سہولتوں سے مستفید ہونگے۔ حکومت نے جس طرح لاہورکے میٹرو بس پراجیکٹ کو انتہائی قلیل مدت میں مکمل کیا۔ اسی تیز رفتاری سے راولپنڈی، ملتان اور فیصل آباد کے منصوبے مکمل کئے  جائیں گے۔ تیز رفتار ترقی اورکاروباری سرگرمیاں بڑھانے کیلئے جدید انفراسٹرکچر بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ اسی مقصد کے پیش نظر رواں سال انفراسٹرکچر کی بہتری پر 91 ارب روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔ صوبے بھر میں سٹرکوں، پلوں اورانڈر پاسز کا جال بچھایا جا رہا ہے۔ نئی سٹرکوں کی تعمیر پر 29 ارب روپے سے زائد صرف کئے جارہے ہیں۔ صوبائی دارالحکومت کے ساتھ فیصل آباد،ملتان، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور دیگر بڑے شہروں کو ہر لحاظ سے جدید سہولیات اور ضروری انفراسٹرکچر سے آراستہ کرنے پر اربوں روپے صرف کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کم ترقی یافتہ علاقوں میں ترقیاتی منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنا ہماری پالیسی ہے۔ جنوبی پنجاب کی ترقی پر رواں سال 93ارب روپے خرچ کئے جا رہے ہیں جو کل ترقیاتی بجٹ کا 32 فیصد ہے۔  موبائل ہیلتھ یونٹس، دانش سکول اورنئے ہسپتالوںکے قیام جیسے منصوبے بھی ترجیحی بنیادوں پر جنوبی پنجاب سے شروع کئے گئے ہیں۔ صنعتوں کیلئے توانائی کی فراہمی اورعوام کو لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے نجات دلانے کیلئے بھی ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے ارکان اسمبلی سے کہاکہ وہ عوام سے روابط بڑھائیں اور انہیں حکومت کے فلاحی پروگراموں سے آگاہ کریں۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے راجن پور کے رہائشی گردوں کے مرض میں مبتلا حافظ سہیل کے سرکاری خرچ پر علاج کا حکم دیدیا۔ شہباز شریف نے ایک نجی ٹی وی چینل پر گردوں کے مرض میں مبتلا حافظ سہیل کی بیماری سے متعلق چلنے والی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت پنجاب کو سرکاری خرچ پر علاج کی ہدایت کی اور سیکرٹری صحت پنجاب کو مریض کے طبی معائنے اور علاج کرنے کیلئے خصوصی میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا۔