حکمران ڈالر لیکر امریکی احکا مات مان رہے ہیں، ساری تباہی پیسوں کی خاطر آئی: عمران

حکمران ڈالر لیکر امریکی احکا مات مان رہے ہیں، ساری تباہی پیسوں کی خاطر آئی: عمران

پشاور (نوائے وقت نیوز+ اے این این+ آئی این پی) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے ہمارے ہاں میر جعفروں اور میر صادقوں کی کمی نہیں، حکومت عوامی مفادات کے فیصلے کرتی تو دس سال سے جاری جنگ ختم ہوچکی ہوتی، ڈالروں کے عوض ملک کو بیچا گیا اور اپنی قوم کو انگریزوں کا غلام بنا دیاگیا۔ یہاں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہم نے پاکستان کے جنگلات کی بربادی کی، آہستہ آہستہ جنگلات کم ہوتے جا رہے ہیں، افسوس سے کہنا پڑتا ہے پاکستان وہ ملک ہے جس میں سب سے کم جنگلات ہیں۔ صوبہ خیبرپی کے کی بڑی خوش قسمتی ہے سب سے زیادہ جنگلات کے پی کے میں ہیں، ٹمبر مافیا کو جیلوں میں ڈالیں گے، سیاحت کیلئے نئے سپاٹس بھی بنائے جائیں گے، گلیات میں 32 ریسٹ ہاﺅسز لیز پر دئیے جائیں گے تاکہ صوبے کی آمدن بڑھ سکے، پشاور کے تمام پارکس سے غیرقانونی قبضہ ختم کرینگے۔ انہوں نے کہا میں نوجوانوں سے کہتا ہوں خیبر پی کے میں گرین خیبر پی کے مہم شروع کر رہے ہیں وہ ہمارا ساتھ دیں۔ نوجوان شرکت نہیں کریں گے تو ہم کامیاب نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہا حکومت کامیاب تب ہوتی ہے جب عوام اور حکومت ایک دوسرے کا ساتھ دیں، عوام حکومت کے ساتھ نہ ہو تو حکومت کامیاب نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا امریکہ کی جنگ ہم نے مول لی تھی 10سال گزرنے کے باوجود ہم جیت نہیں سکے کیونکہ عوام کچھ اور حکومت امریکیوں سے ڈالر لیکر کچھ سوچ رہی تھی، جب عوام اور حکومت اپنے ملک کیلئے سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں تو کامیابی حاصل ہوتی ہے، ڈالروں کے عوض فیصلے نہ کرتے تو بڑی دیر کی جنگ ختم ہوچکی ہوتی۔ انہوں نے کہا ڈالروں کے غلاموں نے ملک کو بیچا، میر جعفر اور میر صادق کا نام سب نے سنا ہے انہوں نے اپنی ذات کیلئے اپنی قوم کو انگریزوں کا غلام بنا دیا، آج بھی یہاں میر جعفروں اور میر صادقوں کی کمی نہیں، ڈالر لیکر اپنے لوگوں کو مروا رہے ہیں، خاص طور پر پشتونوں کا قتل عام کرایا گیا، پاکستان میں پیسوں کی خاطر ساری تباہی آئی۔ آئی این پی کے مطابق انہوں نے کہا پاکستان کے حکمرانوں نے اپنے مفاد کے لئے اپنی عوام کو انگریزوں کا غلام بنایا اور اب بھی امریکی ڈالر لے کر ان کے احکامات مان رہے ہیں۔ ہمارے ہاں ابھی تک میر جعفر اور میر صادق کی کمی نہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان میں 90فیصد سیوریج کا نظام موجود نہیں اور اس وقت پاکستان میں گندگی ہے اور عوام گندگی میں زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق عمران خان نے کہا نبی کریمﷺ کی سنت پر چلتے تو ملک کی تباہی نہ ہوتی۔ انہوں نے کہا حکمران ڈالر لے کر امریکی احکامات مان رہے ہیں۔ ڈالروں کی خاطر پشتونوں کا قتل عام کرایا گیا۔ انہوں نے کہا ہمارے وزیر اعلیٰ جیسا ملنگ آدمی نہیں ملے گا۔ گورنر، وزیر اعلیٰ کمشنر ہا¶سز کو عوام کےلئے کھولا جائیگا۔
عمران خان