افغان بارڈر پولیس کی طرف سے 25 مارٹر گولے فائر‘ پاکستانی سکیورٹی حکام کا شدید احتجاج

افغان بارڈر پولیس کی طرف سے 25 مارٹر گولے فائر‘ پاکستانی سکیورٹی حکام کا شدید احتجاج

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) عسکری ذرائع کے مطابق افغان بارڈر پولیس کی جانب سے صبح  9 بجے سے 11بجے تک پاکستانی بارڈر پر 25 مارٹر گولے فائر کئے گئے۔کسی جانی و مالی نقصان کی تاحال اطلاع نہیں ملی۔ مارٹر گولے افغان کیمپ طور خوبی سے فائر کئے گئے۔ پاکستانی سکیورٹی حکام نے افغان حکام سے شدید احتجاج کیا ہے۔ اسلام آباد  سے اے این این کے مطابق افغان سرحدی فورسز کی پاکستان کی حدود میں 2گھنٹے تک گولہ باری ہوئی۔ پاکستان کا شدید احتجاج، وضاحت طلب کر لی۔ واقعہ کے بعد پاکستان کے سرحدی کمانڈر نے افغان ہم منصب سے ہاٹ لائن پر رابطہ کر کے شدید احتجاج کیا ہے اور افغان فورسز سے وضاحت طلب کر لی۔ پاکستان نے واضح کیا ہے کسی قسم کی جارحیت برداشت نہیں کی جائے گی اور اس طرح کے واقعات سے تعلقات متاثر ہو سکتے ہیں۔