محترمہ فاطمہ جناح ؒ کی برسی آج عقیدت و احترام سے منائی جائیگی

محترمہ فاطمہ جناح ؒ کی برسی آج عقیدت و احترام سے منائی جائیگی

لاہور(خصوصی رپورٹر+ لیڈی رپورٹر ) مادر ملت محترمہ فاطمہ جناحؒ کی47ویں برسی (آج)  بدھ کو ملک بھر میں انتہائی عقیدت و احترام اور قومی جوش و  جذبہ کے ساتھ منائی جائے گی۔ اس موقع پر سیمینار اور تعزیتی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا جس میں مادر ملت کی تحریک پاکستان سے تکمیل پاکستان تک کی جدوجہد پر تفصیلی روشنی ڈالی جائے گی۔ محترمہ فاطمہ جناح ؒ 8 اور  9 جولائی 1967ء کی درمیانی شب 73 برس کی عمر میں قصر فاطمہ کلفٹن کراچی میں مختصر علالت کے بعد اس دار فانی سے کوچ فرما گئی تھیں۔ محترمہ فاطمہ جناح ؒ نے 1964میں پیرانہ سالی کے باوجود قوم اور جمہوریت کی خاطر فوجی آمر جنرل ایوب کا مقابلہ کیا اور شمع جمہوریت کہلائیں۔ قیام پاکستان کی جدوجہد میں قائداعظم کے شانہ بشانہ چلتے ہوئے برصغیرکی مسلم خواتین کو ایک پلیٹ فارم پرجمع کرکے حصول پاکستان کی منزل کو آسان تر کر دیا۔