سیاچن پر ہلاکتیں دردناک، فوج واپس نہیں بلائینگے: بھارت
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکر نے کہا ہے کہ بھارت سیاچن سے فوج واپس نہیں بلائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیاچن میں بھارتی فوجیوں کی ہلاکت دردناک ہے مگر بھارت فوج واپس نہیں بلائے گا۔ اس واقعہ کے بعد یہ مطالبات کئے جا رہے ہیں کہ بھارتی فوجیوں کو سیاچن سے واپس بلایا جائے جو حالات کا درست تجزیہ نہیں۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق جب ان سے استفسار کیا گیا کہ کیا سیاچن کو امن کا پہاڑ بنانے کی تجویز اب بھی موجود ہے تو انہوں نے کہا کہ سیاچن پر بھارتی فوج کی تعیناتی قومی سلامتی کے تقاضوں کے پیش نظر کی گئی۔ سیاچن گلیشیر کا کنٹرول حاصل کرنے کیلئے بھارت نے ہزاروں فوجیوں کی جانیں گنوائی ہیں۔