شہباز شریف کا دور ہ تحصیل ہسپتال رائے ونڈ مریض کو مفت ادویات نہ ملنے پر برہمی

شہباز شریف کا دور ہ تحصیل ہسپتال رائے ونڈ مریض کو مفت ادویات نہ ملنے پر برہمی

لاہور (خصوصی رپورٹر + نامہ نگار) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کی سخت مذمت کی ہے۔ شہبازشریف نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے پر پاکستانی عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ امریکی صدر کی طرف سے امریکی سفارتخانے کو تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے کے اعلان سے ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمانوں کے مذہبی احساسات و جذبات بری طرح مجروح ہوئے ہیں اور امریکہ کے اس اقدام سے امن کی کوششوں کو آگے بڑھانے کی بجائے ایک مرتبہ پھر قیام امن کی کوششوں کو شدید دھچکا لگا ہے اور اس اقدام سے فلسطینی عوام کو ایک بار پھر دھوکہ دیا گیا ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ کے اس فیصلے نے فلسطینی عوام کے امریکہ پر عدم اعتماد میں مزید اضافہ کیا ہے اور امریکہ کی امن کیلئے منصفانہ کوششوں پر عدم اعتماد میں بھی مزید اضافہ ہوا ہے۔ جب کئی دہائیوں پر مشتمل تنازعہ پر جماعتیں عدم اعتماد کا اظہار کریں اور تنازع کو حل کرنے کی کوششیں بھی نہ کی جائیں تو پھر امن کے قیام کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہو پاتی۔ امریکہ کی ناقابل یقین اور غیر ذمہ دارانہ پالیسیوں نے تنازع کے دو ریاستی حل تلاش کرنے کی کوشش کو نقصان پہنچایا ہے بلکہ تنازع کے حل کو مزید مشکل بنا دیا ہے۔ عالمی برادری کا غم و غصہ بالکل جائز ہے اور عالمی برادری اس غصے کیلئے حق بجانب ہے۔ وزیراعلیٰ نے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کئے جانے کے حوالے سے امریکی اعلان پر ترک صدر رجب طیب اردگان کے اس بیان کی توثیق کی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ امریکہ کے اس اقدام نے پرانے زخموں کو دوبارہ کھول دیا ہے اور مشرق وسطیٰ کو ایک بار پھر بے یقینی اور افراتفری کی صورتحال سے دوچار کر دیا ہے۔ عالمی برادری ایسی تنگ نظری کی پالیسیوں کو برداشت نہیںکر سکتی جو عوام کی توہین کا باعث ہوں۔ اقوام متحدہ کی قرارداد اور عالمی برادری ایسی تنگ نظری کی پالیسیوں کو برداشت نہیں کرسکتی جو عوام کی توہین کا باعث ہوں۔ اقوام متحدہ کی قرارداد اور عالمی برادری کی رائے کے مطابق فلسطینی عوام کو آزاد خودمختار ریاست کا حق حاصل ہے‘ لیکن ٹرمپ انتظامیہ قیام امن کی کوششوں کو مزید آگے لے جانے کی بجائے علاقائی صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا رہی ہے۔ شہبازشریف نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال رائے ونڈ کا بغیر پروٹوکول اچانک دورہ کیا۔ وہ بغیر اطلاع تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال رائے ونڈ پہنچے۔ انتظامیہ مکمل طورپر لاعلم رہی۔ وزیراعلیٰ ہسپتال کے مختلف وارڈز میں گئے اور طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کے بارے میں استفسار کیا۔ وزیراعلیٰ نے ایمرجنسی میں لائے گئے ایک مریض کی جانب سے مفت ادویات نہ ملنے کی شکایت پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس شاندار ہسپتال میں ڈاکٹر کی جانب سے ایمرجنسی میں لائے گئے مریض کے ساتھ ایسا رویہ افسوسناک ہے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ ڈاکٹر کو طلب کرکے اس کی سرزنش کی اور ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریض کو فوری طورپر مفت ادویات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کے وسائل مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کیلئے دیئے گئے ہیں اور ان وسائل کے ثمرات ہر صورت مریضوں تک پہنچنے چاہئیں۔ میں آئندہ ایسی شکایت برداشت نہیں کروں گا۔ وزیراعلیٰ نے بعض مریضوں اور ان کے لواحقین کی شکایات پر فوری احکامات جاری کئے اور موقع پر ان کی دادرسی کی۔ وزیراعلیٰ نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال رائے ونڈ میں سی ٹی سکین مشین فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ہسپتال میں ڈینٹل کلینک اور ای این ٹی کلینک کو جلد فنکشنل کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ جب تک مریضوں کو تسلی بخش علاج مہیا نہیں ہو جاتا‘ ہسپتالوںکے اچانک دورے کرتا رہا ہوں گا۔ عوام کا اطمینان ہی میری کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب کوئی مریض کہتا ہے کہ میرا علاج ٹھیک ہورہا ہے تو میرا خون بڑھ جاتا ہے۔ کسی صورت قوم کے وسائل کو ضائع نہیں ہونے دوں گا۔ وزیراعلیٰ نے وارڈز میں موجود پرانے ہیٹر کی موجودگی پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فوری طورپر نئے ہیٹر لگائے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتال کی لیبارٹری کا بھی دورہ کیا اور وہاں امراض کی تشخیص کی سہولتوں کا جائزہ لیا اور لیب کے جدید نظام پر اطمینان کا اظہار کیا اور وہاں موجود ڈاکٹروں اور دیگر عملے کی کارکردگی کو سراہا۔ وزیراعلیٰ نے فلٹر کلینک میں مریضوں اور ان کے لواحقین کے ساتھ بیٹھ کر ان کی فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کے بارے میں پوچھا۔ مریضوں اور ان کے لواحقین نے وزیراعلیٰ کو ہسپتال اور فلٹر کلینک میں مہیا کی جانے والی سہولتوں سے آگاہ کیا۔ مریضوں اور ان کے اہل خانہ نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کو دعائیں دیں اور کہا کہ آپ کا دل دکھی انسانیت کیلئے دھڑکتا ہے اور اس ہسپتال کو جدید بنانے کیلئے آپ کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔