برطانوی سرمایہ کار پاکستان میں مواقع سے فائدہ اٹھائیں: وزیراعظم
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+آن لائن) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ صادق خان کے میئر لندن منتخب ہونے پر پوری پاکستانی قوم کو فخر ہے۔ برطانوی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں جبکہ مئیر لندن نے پاک برطانیہ تعلقات کی مضبوطی کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے میئر لندن صادق خان نے 25رکنی وفد کے ہمراہ ملاقات کی جس میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کامیابی سے پاکستان میں برطانوی سرمایہ کاروں کے لئے بہترین مواقع موجود ہیں۔ حکومت کی کاوشوں کے باعث ملک میں طلب سے زیادہ بجلی کی پیداوار ہو رہی ہے۔ اس موقع پر صادق خان کا کہنا تھاکہ مختلف شعبوں میں پاکستان کی ترقی قابل ستائش ہے۔ میں اور میری ٹیم پاکستان کے ساتھ تجارتی شعبے سمیت دیگر شعبوں میں کام کرنا چاہتی ہے۔ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلقات کی مضبوطی کے لئے کام کرتا رہوں گا۔ علاوہ ازیں پرنس کریم آغا خان خصوصی طیارے سے اسلام آباد پہنچ گئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق پرنس کریم آغا خان فرانس سے اسلام آباد پہنچے ہیں۔ اسماعیلیوں کے روحانی پیشوا پرنس کریم آغا خان آج وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم ان کے اعزا ز میں عشائیہ دیں گے۔