عالمی اقتصادی فورم کی رپورٹ نے زرداری ٹولے کی اصلیت مزید بے نقاب کر دی :محمد شہباز شریف

عالمی اقتصادی فورم کی رپورٹ نے زرداری ٹولے کی اصلیت  مزید بے نقاب کر دی :محمد شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے صوبے میں میرٹ کے فروغ اور گڈگورننس کے قیام کے لئے مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے اصلاحاتی پروگرام شروع کر رکھا ہے اور ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت برقرار رکھنے کے لئے تھرڈ پارٹی آڈٹ کا نظام متعارف کرایا گیا ہے، یہی وجہ ہے بین الااقوامی طور پر مستند ادارے بھی آج ہمارے منصوبوں کی شفافیت کی گواہی دے رہے ہیں۔ ایک طرف وفاقی حکومت نے ہر قومی اور منافع بخش ادارے کو تباہی سے دوچار کیا تو دوسری طرف مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت نے نہ صرف تباہ حال اداروں کی تعمیرنو کی ہے بلکہ عوام اور نوجوانوںکی فلاح و بہبود کے لئے نئے اداروں کو تعمیر بھی کیا ہے۔ عالمی اقتصادی فورم کی حالیہ رپورٹ میں وفاق کی بری طرز حکومت کے باعث معیشت کی ابتر صورتحال اور کرپشن کے بارے میں جو حقائق منظر عام پر آئے ہیں اس سے زرداری ٹولے کی اصلیت عوام کے سامنے مزید بے نقاب ہو گئی ہے۔ جو حکمران ساڑھے چار برس کے دوران قوم کو بجلی کے بحران سے نجات نہیں دلا سکے وہ اس قابل نہیں انہیں مزید ایک پل بھی مسند اقتدار پر برداشت کیا جائے۔ عالمی اداروں کی رپورٹیں واضح طور پر کہہ رہی ہیں موجودہ حکمرانوں نے معیشت کو تباہ و برباد کر کے رکھ دیا ہے اور پاکستان اقتصادی میدان میں ہمسایہ ممالک سمیت کئی ملکوں سے بہت پیچھے چلا گیا ہے۔ لندن سے جاری بیان میں انہوں نے کہا عالمی اقتصادی فورم کی تازہ رپورٹ سے معاشی ترقی کے بلند و بانگ دعوو¿ں کی قلعی کھل گئی ہے۔ حکومتی ٹولے کی نااہلی کی وجہ سے ایک طرف صنعتوں کا پہیہ جام ہے اور لاکھوں افراد بیروزگار ہیں تو دوسری جانب دہشت گردی اور لاقانونیت سے ہر آدمی متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا عوام اس بات کے گواہ ہیں پنجاب حکومت نے معاشرے سے کرپشن کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے۔ اسی حکمت عملی کا نتیجہ ہے آج پنجاب میں گڈ گورننس اور شفافیت کی گواہی غیر جانبدار بین الاقوامی ادارے دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا وفاقی حکومت کی نااہلی سے لوڈشیڈنگ کا عذاب مسلط نہ ہوتا تو ترقی کے ثمرات زیادہ بہتر انداز میں عوام تک پہنچتے۔ انہوں نے کہا جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو ہمارے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ یہ تھی ہر شعبے میں سابق حکومت کی کرپشن کے قبرستان موجود تھے۔ کرپشن، لوٹ مار، بددیانتی اور ڈنگ ٹپاﺅ کے کلچر نے ہر طرف پنجے گاڑ رکھے تھے لیکن محمد نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت نے ثابت قدمی کے ساتھ ان معاشرتی ناسوروں کا مقابلہ کیا اور بدانتظامی کے ان قبرستانوں کو اچھی طرز حکمرانی اور ترقی کے میناروں میں تبدیل کیا گیا ہے۔ یہی وجہ ہے آج ٹرانسپرنسی جیسے بین الاقوامی ادارے بھی پنجاب میں گڈ گورننس کی گواہی دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) کی حکومت محض اقتدار برائے اقتدار پر یقین نہیں رکھتی بلکہ ہم اقتدار کو عوام کی خدمت کا بہترین ذریعہ سمجھتے ہیںاور مسلم لیگ (ن) اپنے صدر محمد نوازشریف کی قیادت میں جمہوریت کے استحکام کی جدوجہد جاری رکھے گی۔