وزیراعلی بیجنگ پہنچ گئے‘ اکنامک کوریڈور کی تکمیل تری کا نیا باب ثابت ہو گی : شہباز شریف

وزیراعلی بیجنگ پہنچ گئے‘ اکنامک کوریڈور کی تکمیل تری کا نیا باب ثابت ہو گی : شہباز شریف

لاہور (خبر نگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف چین کے دورے پر بیجنگ پہنچ گئے۔ چین روانگی سے قبل ائیر رپورٹ پر بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہاکہ پاکستان اور چین خلوص، محبت اور دوستی کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ چین کی تیز رفتار ترقی ہمارے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے۔ چین پاکستان میں توانائی، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں میں بھرپور تعاون کر رہا ہے۔ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاک چین دوستی سود مند معاشی تعلقات میں بدل چکی ہے۔ میرے حالیہ دورہ چین کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ اقتصادی اور معاشی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔ دورہ چین کے دوران توانائی، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں میں جاری تعاون پر اہم پیشرفت ہو گی۔ علاوہ ازیں بیجنگ پہنچنے کے بعد نیشنل ڈویلپمنٹ ریفارمز کمشن کے اعلیٰ حکام سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا ہے کہ دورہ چین کے دوران میری ترجیحات میں انرجی‘ انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں چین کے ساتھ تعاون میں فروغ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاک چین تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو ئے ہیں اور تاریخ میں پہلی مرتبہ چین نے پاکستان کے لئے اربوں ڈالر کے پیکج کا اعلان کیا ہے۔ اکنامک کوریڈور کی تکمیل پاکستان میں ترقی و خوشحالی کے ایک نئے باب کا پیش خیمہ ثابت ہو گی۔ اس پراجیکٹ کی تکمیل سے نہ صرف بڑے شہروں میں ترقی آئے گی بلکہ اس کے ثمرات سے پاکستان کے دورافتادہ اور پسماندہ علاقوں کے عوام بھی مستفید ہوں گے۔ پاکستانی اور چینی قیادت کے درمیان تاریخی پیکج کے اجراء کو آج ایک سال مکمل ہو گیا ہے اور اس عرصے میں کوئی ایک دن بھی ایسا نہیں گزرا  جب اس پر عملدرآمد کے ضمن میں کوئی پیش رفت نہ ہوئی ہو۔ صوبائی دارالحکومت میں اورنج لائن کا منصوبہ پاکستان کے عوام کے لئے چین کی قیادت اور چینی عوام کا ایک عظیم الشان تحفہ ہے۔ اس منصوبے سے صرف لاہور کے عوام کو نقل و حمل کی سہولت حاصل نہیں ہو گی بلکہ  پاکستان کے دوسرے شہروں میں ٹرانسپورٹ کے جدید ترین‘ آرام دہ اور تیز رفتار نظام کے قیام کی راہ بھی ہموار ہو جائے گی۔ بعدازاں وزیراعلیٰ نے ساہیوال میں 1320میگاواٹ کے پاور پلانٹ تعمیر کرنے والی چینی کمپنی کے سربراہ اور اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمیں بجلی کے نئے منصوبوں کے قیام میں درپیش مشکلات اور رکاوٹوں کا بخوبی اندازہ ہے لیکن اس کے باوجود ہم چاہتے ہیں کہ ساہیوال کا یہ پلانٹ کم سے کم وقت میں بجلی کی پیداوار شروع کر دے۔ ہم نے پاکستانی عوام سے لوڈشیڈنگ سے نجات کا وعدہ کیا ہے اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہر قیمت پر لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر کے دم لے گی۔  چینی کمپنی کے سربراہ نے اس موقع پر یقین دلایا کہ ساہیوال پاور پلانٹ دسمبر 2016ء تک بجلی کی پیداوار شروع کر دے گا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے مولانا مفتی محمود کے قریبی ساتھی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے استاد مفتی اسحاق خان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے بہاولپور کے علاقے اوچ شریف میں پنجند ٹینکی چوک کے قریب مسجد کے باہر فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او بہاولپور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
شہباز شریف