عمران خان اور طاہر القادری جلد ایک پلیٹ فارم پر آجائیں گے: پرویز الٰہی

عمران خان اور طاہر القادری جلد ایک پلیٹ فارم پر آجائیں گے: پرویز الٰہی

لاہور (خبر نگار) ق لیگ کے رہنما چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری اور عمران خان کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں‘ دونوں جلد ایک پلیٹ فارم پر آجائیںگے‘ دھاندلی سے اقتدار میں آنے والی (ن) لیگ اپوزیشن کو انتشار کا شکار کرنے کی کوششیں کر رہی ہے‘ طارق ملک کو صرف اس لئے مقدمے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں کہ کہیں وہ عام انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کے خلاف گواہی نہ دیدیں‘ موجودہ کرپٹ نظام کا خاتمہ نا گزیر ہو چکا‘ حکومت کے پاس اقتدار میں رہنے کا اخلاقی آئینی اور قانونی جواز باقی نہیں رہا‘ وہ اتوار کو اپنی رہائش گاہ پر (ق) لیگ کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد سینیٹر کامل علی آغا اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ ہمارے دور میں پنجاب ترقی اور خوشحالی کے لحاظ سے سب سے آگے اور جرائم بھی نہ ہونے کے برابر تھے لیکن (ن) لیگ کی حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور پنجاب میں جرائم میں تین سو گنا اضافہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ منہاج القرآن میں پندرہ شہادتیں حکومت کے خلاف آچکی ہیں جس میں یہ ثابت ہو رہا ہے کہ پنجاب حکومت قاتل اور شہباز شریف اس کے سر غنہ ہیں لیکن اسکے باوجود سانحہ منہاج القرآن میں شہید ہونے والوں کے ورثاء انصاف کے لئے در بدر پھر رہے ہیں اور حکومت انکے لئے کچھ بھی کرنے کو تیار نہیں بلکہ الٹا شہباز شریف کے کہنے پر مقتول کو قاتل بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ دھاندلی کے ذریعے اقتدار میں آئی اور (ن) لیگی قیادت ملک میں دھاندلی کرنے اور اس پر پردہ ڈالنے کی ماسٹر مائنڈ ہے۔ حکومت  جو مرضی کر لے دھاندلی کرنے والوں کو بچا سکتی ہے اور نہ ہی خود بچے گی۔ پرویز الٰہی نے کہا کہ جب ہم احتجاج کی بات کرتے ہیں تو حکمران کہتے ہیں کہ جمہوریت کو ڈی ریل کرنا چاہتے ہیں میں ان پوچھتا ہوں کہ ملک میں کونسی جمہوریت ہے اور وہ کس جمہوریت کی بات کرتے ہیں۔
پرویز الٰہی