تحریک انصاف جشن آزادی کو ماتم میں بدلنا چاہتی ہے: پرویز رشید

 تحریک انصاف جشن آزادی کو ماتم میں بدلنا چاہتی ہے: پرویز رشید

اسلام آباد (وقت نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ تحریک انصاف جشن آزادی کو ماتم میں بدلنا چاہتی ہے۔ 14اگست کو اسلام آباد پر تحریک انصاف کی یلغار ہو گی۔ طاہرالقادری پہلے بھی آئے اور دعوے کر کے چلے گئے۔ وقت نیوز کے پروگرام ’’اپنا اپنا گریبان‘‘ میں خصوصی گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ نظام حکومت اتنا کمزور نہیں کہ ایک کینیڈین شہری درہم برہم کر دے۔ دو حلقوں میں تحقیقات سے تحریک انصاف کا دعویٰ غلط ثابت ہوا ہے۔ ہمیں تحقیقات کرانے پر اعتراض نہیں مگر اس وقت تحقیقات نہیں ہو سکتیں۔ عمران خان فیصلے تسلیم کرنے کی عادت ڈالیں۔ ہم خان صاحب کے ساتھ بات چیت کرنا چاہتے ہیں۔ بہاولپور میں عمران خان نے کہا الیکشن تسلیم کرتا ہوں تاہم مطمئن نہیں۔ بہاولپور کے جلسے میں انہوں نے 4حلقوں کی بات کو ختم کر دیا تھا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ طاہرالقادری کی آمد پر میں اور وزیر داخلہ 24گھنٹے مانیٹرنگ کرتے رہے۔ سانحہ لاہور پر شہباز شریف استعفیٰ کیوں دیں؟ جو استعفیٰ کا مطالبہ کر رہے ہیں کیا ان کے زمانے میں آئین نہیں توڑا گیا۔ خان صاحب اپنے صوبے میں پولیو کے قطرے نہیں پلا سکے۔ انہوں نے کہا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔ انسداد دہشت گردی مہم کے انچارج وزیر داخلہ ہیں۔ افواج پاکستان اپنا آج ہمارے کل پر قربان کر رہی ہیں۔ ہم متاثرین کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتے۔
پرویز رشید