امریکا سے جنگ فرض ہوچکی اب صرف تاریخ طے ہونا باقی ہے: شمالی کوریا

خبریں ماخذ  |  ویب ڈیسک
امریکا سے جنگ فرض ہوچکی اب صرف تاریخ طے ہونا باقی ہے: شمالی کوریا

شمالی کوریا نے امریکا سے جنگ چھڑنے کے خدشات ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم پر جنگ فرض ہوچکی ہے اب صرف اس کی تاریخ طے ہونا باقی ہے ،ہم جنگ نہیں چاہتے تاہم اس سے پیچھے بھی نہیں ہٹیں گے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق شمالی کوریا کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا اور جنوبی کوریا کی بڑے پیمانے پر مشترکہ فوجی مشقوں اور جنگ کی دھمکیوں نے کوریائی خطے میں جنگ کو یقینی بنا دیا ہے، امریکا نے ایسا کرکے ایک طرح سے جنگ کا اعلان کردیا ہے۔ دوسری طرف شمالی کوریا کے وزیرخارجہ ری یونگ ہو نے سرکاری ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ امریکی حکام جزیرہ نما کوریا کو جنگ میں دھکیلنے کے لئے محاذ آرائی پر مبنی بیانات دے رہے ہیں، ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن جنگ سے بھاگنے والے بھی نہیں۔ری یونگ ہو کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا پر جنگ فرض ہوچکی ہے صرف اس کی تاریخ طے ہونا باقی ہے، اگر امریکا نے ہمارے صبر کو کمزوری سمجھ کر جوہری جنگ شروع کی تو شمالی کوریا اسے بھاری قیمت چکانے پر مجبور کردے گا۔