جماعت اسلامی کا امریکی فیصلے پر کل احتجاج کا اعلان

خبریں ماخذ  |  ویب ڈیسک
جماعت اسلامی کا امریکی فیصلے پر کل احتجاج کا اعلان

امیر جماعت اسلامی نے سینیٹرسراج الحق نے ٹرمپ کے اعلان کے خلاف جمعہ کو ملک گیر احتجاج کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم حکمران متحد ہوکر امریکی فیصلے کے خلاف لائحہ عمل دیں. ٹرمپ کا فیصلہجلتی پر تیل ڈالنے کے مترادف ہے اس سے عالمی امن کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق ٹرمپ کی جانب سے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت بنانے کے فیصلے کے خلاف امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے  جمعہ کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔منصورہ سے جاری بیان کے مطابق سراج الحق نے کہا ہے کہ ٹرمپ کا بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت قرار دینا جلتی پر تیل ڈالنے کے مترادف ہے، اس سے عالمی امن کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے ۔انہوں نے حکمرانوں پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم حکمران متحد ہوکر امریکی فیصلے کے خلاف لائحہ عمل دیں۔اس سے قبل عالم اسلام مکہ اور مدینہ کے بعد بیت المقدس کو مقدس ترین خطہ سمجھتاہے اور دنیا بھر کے مسلمان مسجداقصی سے عقیدت و محبت رکھتے ہیں . انہوں نے کہا کہ امریکا کی طرف سے ایسے کسی بھی اقدام کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔سینیٹرسراج الحق نے ترک صدر طیب اردوان اور محمود عباس کی طرف سے امریکی اعلان کو مسترد کرنے کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسلم دنیا کا کوئی حکمران بھی اس ناپاک منصوبے میں امریکا کی حمایت نہیں کر سکتا ۔ انہوں نے کہاکہ عالمی برادری اور انصاف پسند مغربی و یورپی ممالک کو بھی اس کی مذمت کرنی چاہیے تاکہ امریکا کو واضح پیغام جاسکے کہ ٹرمپ کی طرف سے ایسی کسی کوشش کا ساتھ نہیں دیا جاسکتا ۔سینیٹر سراج الحق نے عالم اسلام ، خصوصا پاکستانی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری سطح پر امریکی اعلان کی شدید مذمت کی جائے اور عالمی سطح پر اس کو ناکام بنانے کے لیے ہر طرح کے وسائل بروئے کار لائے جائیں۔