وزیراعلیٰ خیبرپی کے اور انکی کابینہ کے ارکان بھی این اے 122کی مہم میں شریک
لاہور (فرخ سعید خواجہ) این اے 122 اور پی پی 147 کا انتخابی معرکہ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکا ہے۔ مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف نے ڈور ٹو ڈور مہم کے علاوہ مختلف طبقات سے اپنے امیدواروں کی حمایت کروانے کیلئے پورا زور لگا دیا ہے۔ پیپلز پارٹی بھی انتخابی جوڑ میں شامل ہے جبکہ عوامی تحریک اس سے جنگ میں پی پی 147 تک خود کو محدود رکھے ہوئے ہے۔ نوازشریف اور شہباز شریف نے انتخابی مہم اگرچہ حمزہ شہباز کے ذمے لگا رکھی ہے لیکن اپنے مخصوص انداز میں یہ دونوں بھائی سیاسی و ذاتی حلقہ احباب سے بھی انتخابی مہم کے حوالے سے آگاہی حاصل کرتے ہیں۔ عمران نے اگرچہ لاہور میں ڈیرہ نہیں ڈالا لیکن انکے دست راست چودھری سرور نے عبدالعلیم خان کی انتخابی مہم کی ذمہ داری سنبھال رکھی ہے جبکہ جہانگیر ترین، شفقت محمود، میاں محمود الرشید، عمر سرفراز چیمہ اور جمشید اقبال چیمہ انکی بھرپور معاونت کر رہے ہیں۔ ان لوگوں نے ووٹروں سے براہ راست رابطوں کے ساتھ ساتھ مختلف دینی و سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کی جانب سے عبدالعلیم خان اور شعیب صدیقی کی حمایت حاصل کرنے کی کامیاب کوشش کی ہے۔ وزیراعلی خیبرپی کے پرویزخٹک اور انکی کابینہ کے ارکان عاطف خان اور شہرام خان ترکئی بھی ان دنوں لاہور میں براجمان ہیں اور خیبرپی کے لاہور میں سخت مزدوری اور کاروبار کرنے میں کوشاں ہیں۔ دوسری طرف حمزہ شہباز نے مسلم لیگ (ن) کے ممبران پنجاب اسمبلی کو این اے 122 کی 24 یونین کونسلوں میں انتخابی مہم کا ذمہ دار بنا رکھا ہے۔ اسکے ساتھ ایک ایک کوآرڈینیٹر بھی لگا رکھا ہے تاکہ کام کی رفتار سست نہ ہو۔ وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کا میدان میں آنا انتخابی مہم کو مزید مربوط کرنے کا باعث بنا ہے۔ صدر مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان این اے 122 کے کشمیری ووٹروں کو سردار ایاز صادق کیلئے متحرک کرنے کیلئے میدان میں آ گئے ہیں۔ سوموار کو انہوں نے شاہ جمال اور بستی سیدن شاہ میں جلسوں سے خطاب کیا جہاں خاصی تعداد میں کشمیری آباد ہیں۔ مسلم لیگ (ن) اقلیتی ونگ کے سربراہ اور وفاقی وزیرکامران مائیکل بھی میدان میں ہیں۔ انہوں نے باجا لائن، واشنگ لائن کے علاقوں میں ڈور ٹو ڈور جا کر ووٹروں سے رابطہ قائم کیا۔ کامران مائیکل کے ساتھ سہزاد منشی ایم پی اے اور شکیل مرقس کھوکھر ایم پی اے بھی تھے۔ کامران مائیکل فاضیلہ دربار کے آس پاس رہنے والی مسیحی برادری کے پاس بھی گئے۔ پیپلز پارٹی کے امیدوار بیرسٹر عامر حسن اور امیدوار پی پی افتخار شاہد بھی روایتی انداز میں اپنی انتخابی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں جب کہ ”دھرنے“ میں تحریک انصاف کی حلیف جماعت عوامی تحریک صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 147 میں اپنے امیدوار اشتیاق چودھری کی بھرپور انتخابی مہم چلا رہی ہے۔
معرکہ