کشمیریوں کی اظہار تشکر ریلیاں‘ نوازشریف کے دلیرانہ موقف سے تحریک آزادی میں نئی لہر دوڑ گئی : وزیراعظم آزاد کشمیر
مظفر آباد(این این آئی) جنرل اسمبلی میں وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے مسئلہ کشمیر اٹھانے پر آزاد کشمیر سمیت دنیا بھرمیں کشمیریوں نے اظہار تشکر ریلیاں نکالیں، وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے جو دوٹوک اور دلیرانہ موقف اختیار کیا ہے اس سے تحریک آزادی کشمیر میں ایک نئی لہر دوڑ گئی ،آزاداور مقبوضہ کشمیر کے عوام وزیراعظم نواز شریف اور جنرل راحیل شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ نواز شریف کے خطاب سے بھارت دفاعی پوزیشن میںچلا گیا ہے اور آج بوکھلاہٹ میں عجیب وغریب بیانات دے رہا ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اولڈ سیکرٹریٹ میں اظہار تشکر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریلی سے حریت رہنمامشتاق السلام، عزیر احمد غزالی،میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید میر،راجہ فرخ ممتاز،تاجر جائنٹ ایکشن کمیٹی کے چیئرمین عبدالرزاق خان سمیت دیگر رہنماﺅں نے بھی خطاب کیا۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے مزید کہاکہ بھارت کی جانب سے آزادکشمیر پر حملے کی دھمکیاں بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہیں لیکن بھارت کو یاد رکھنا چاہیے کہ آزادکشمیرمیانمارنہیں ہے ا س کا سامنا دنیا کی بہترین اور دلیر افواج پاکستان سے ہے جس کی تاریخ لازوال قربانیوں سے بھری پڑی ہے اور پاکستان وآزادکشمیر کے بیس کروڑ سے زائد عوام افواج پاکستان کی پشت پر سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان نے جنرل کونسل میں جو فارمولا دیا ہے اس نے پوری دنیا میں پاکستان کی امن پسندی اور بھارت کی ہٹ دھرمی ثابت کردی ۔مود ی سرکار جان لے کہ جابرانہ ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کی تحریک کو سرد نہیں کیا جاسکتا۔ کشمیریوں نے بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزادی حاصل کرنے کا پختہ عزم کررکھا ہے۔ لاکھوں شہداءکی قربانیاں رنگ لارہی ہیں۔کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کامیابیوں سے ہمکنار ہوکررہے گی۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے سارے کشمیر کا نعرہ دے کر کشمیریوں میں نیا ولولہ پید اکیا ۔بیس کیمپ کی حکومت شہداءکے لہو کو رائیگاں نہیں جانے دے گی۔ مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک دراصل تحریک تکمیل پاکستان ہے بھارت کے انتہا پسند قابض وغاصب حکمران ا س تحریک کا راستہ نہیں روک سکتے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر