نوازشریف، عمران نے رابطہ کیا، لائحہ عمل کا اعلان اسی ماہ کرونگا: شاہ محمود

ملتان (نوائے وقت نیوز) سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اپنی پارٹی میں شمولیت کیلئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان‘ مسلم لیگ (ن) کے سربراہ میاں نوازشریف نے رابطہ کیا ہے۔ امیر جماعت اسلامی منور حسن نے بھی منصورہ میں میری دعوت کی جب میں نے ریمنڈ ڈیوس کے معاملے پر سٹینڈ لیا میں نے سب سے کہا ہے کہ یہ بڑا سنجیدہ فیصلہ ہے سوچ سمجھ کر کروں گا، عجلت میں نہیں کروں گا کیونکہ میں قائل ہوں کہ رشتے نہ تو جلد توڑے جاتے ہیں اور نہ جلدی بنائے جاتے ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں ایک فیصلہ کر چکا ہوں کہ موجودہ سیٹ اپ کا حصہ نہیں رہوں گا، پیپلزپارٹی کی ٹکٹ کا خواہشمند نہیں ہوں میں نے لاتعلقی کا اظہار کر دیا ہے، میں اپنے لائحہ عمل کا اعلان ایک جلسہ میں کروں گا انشاءاﷲ نومبر کے مہینے میں سندھ اور پنجاب کے بارڈر پر اپنے سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔