طاہر القادری کا ٹیلیفونک رابطہ، شجاعت نے 11 مئی کے احتجاج میں شمولیت سے معذرت کرلی

طاہر القادری کا ٹیلیفونک رابطہ، شجاعت نے 11 مئی کے احتجاج میں شمولیت سے معذرت کرلی

لاہور (فرخ سعید خواجہ) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے 11 مئی کے احتجاج میں (ق) لیگ کی حمایت حاصل کرنے کیلئے (ق) لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ دونوں رہنماؤں میں ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا تاہم چودھری شجاعت نے 11 مئی کے احتجاج میں اپنی پارٹی کی شمولیت سے معذرت کرلی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ چودھری شجاعت نے ڈاکٹر طاہر القادری کو اپنی اخلاقی امداد کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ آگے چل کر ہماری جدوجہد ایک ہوسکتی ہے، فی الحال ہم آپ کے ساتھ چلنے کو تیار نہیں ہیں۔ (ق) لیگ کے ذرائع نے بتایا کہ (ق) لیگ عمران خان کے 11 مئی کے احتجاج میں بھی شرکت نہیں کریگی۔ چودھری شجاعت کے قریبی ذرائع نے نوائے وقت کو بتایا کہ عمران خان ایک ٹکٹ میں دو مزے لینے کے خواہاں ہیں، اگر وہ اپوزیشن کی سیاست کرنا چاہتے ہیں تو خیبر پی کے کی حکومت چھوڑ کر میدان میں نکلیں۔ معلوم ہوا ہے کہ (ق) لیگ کے سربراہ نے بھی 11 مئی کے الیکشن کو دھاندلی زدہ الیکشن قرار دیا ہے اور وہ اپنی جماعت کے پلیٹ فارم سے اس حوالے سے جدوجہد شروع کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں البتہ آگے چل کر (ق) لیگ نئے سیاسی اتحاد کے قیام کیلئے کوششیں کریگی۔