سینٹ : پیپلز پارٹی 27‘ مسلم لیگ لیگ (ن) 26 نشستیں‘ کئی پارٹیوں کی سیٹیں کم‘ بعض کی بڑھ گئیں
لاہور+اسلام آباد(سپیشل رپورٹ+نیوز ڈیسک) سینٹ انتخابات میں 48 سیٹوں کے نتائج آنے کے بعد بھی پاکستان پیپلزپارٹی ایوان بالا میں 27 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ مسلم لیگ ن 26 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر آ گئی ہے۔ پرانے سینیٹرز کے ریٹائر ہونے اور نئے الیکشن کے بعد کئی پارٹیوں کے سینیٹرز کی تعداد میں اضافہ ہوا جبکہ بعض کے سینیٹرز کم ہوگئے ۔سندھ، بلوچستان، اسلام آباد اور پنجاب کے نتائج کے بعد مسلم لیگ ن نے 18 نشستیں حاصل کیں اور اسی کے سینیٹرز کی تعداد 16 سے 26 ہو گئی۔ پیپلزپارٹی نے 8 نشستیں حاصل کیں جس سے اس کے ارکان کی تعداد 27 ہو گئی۔ متحدہ قومی موومنٹ نے 4 نشستیں حاصل کیں جس سے اس کی کل نشستیں 8 ہو گئیں۔ پختونخواہ میپ نے 3 نشستیں حاصل کیں۔ نیشنل پارٹی 3 اور جمعیت علمائے اسلام (ف) نے 2 نشستیں حاصل کیں۔ بی این پی مینگل نے ایک نشست اور آزاد امیدوار یوسف بادینی کامیاب ہو گئے جس سے آزاد امیدواروں کی تعداد 6 ہو گئی۔ ق لیگ کے سینیٹرز کی تعداد ایک ریٹائر ہونے سے 4 رہ گئی ہے۔ تحریک انصاف بھی پہلی مرتبہ سینٹ میں آگئی اور ان کے سینیٹروں کی تعداد 6 ہے۔ پیپلزپارٹی اگر متحدہ، جے یو آئی (ف)، اے این پی اور ق لیگ سے چیئرمین سینٹ کیلئے بھی مفاہمت قائم رکھنے میں کامیاب ہوگئی تو اپنا چیئرمین سینٹ لاسکتی ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) فی الحال ان جماعتوں سے دور دکھائی دیتی ہے۔
سینٹ نشستیں