سینٹ الیکشن جیتنے والوں کے حامیوں کا جشن، بھنگڑے، مٹھائیاں تقسیم
لاہور، اسلام آباد، کراچی (خصوصی رپورٹر + خصوصی نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ن کے سینٹ انتخابات میں پنجاب سے کلین سویپ پر کارکنوں نے بھرپور جشن منایا، ووٹنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد کارکن نومنتخب سینیٹرز کو مبارکباد دینے کیلئے پھولوں کے ہار اور مٹھائیاں لے کر اسمبلی کے باہر پہنچ گئے اور قیادت کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔ اسمبلی کی سکیورٹی نے مرکزی دروازہ بند کردیا۔کارکنوں کی ایک بڑی تعداد پارٹی پرچم لے کر پنجاب اسمبلی کے باہر پہنچ گئی جبکہ اس موقع پر ڈھول کی تھاپ پر جشن منایا گیا۔ نومنتخب سینیٹرز نے مبارکباد دینے کےلئے آنے والے کارکنوں کا شکریہ ادا کیا۔ صدر اور وزیراعظم نے بھی سینٹ الیکشن پر نومنتخب سینیٹرز کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعظم نے کہا امید ہے نومنتخب سینیٹرز ملکی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔ سینٹ الیکشن سے ملک میں جمہوریت مستحکم ہوگی۔ ہر کامیاب انتخابی عمل سے ملک میں جمہوریت کی جڑیں مضبوط ہوتی ہیں۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے نومنتخب سینیٹرز کو مبارکباد دی ہے۔ الطاف حسین کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم، پی پی یکجہتی عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔